عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ قانون کے شکنجے میں

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی غیراخلاقی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر مرحوم کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ قانون کے شکنجے میں آ گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت انکے خلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے دانیہ شاہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

کراچی کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی نے دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی سے متعلق دائر درخواست پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 جولائی تک جواب طلب کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ کراچی کی ایک سماجی تنظیم نے دانیہ شاہ کے خلاف سیشن عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دانیہ نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں جس کی وجہ سے شدید ڈیپریشن میں جا کر انکی موت واقع ہوگئی، چنانچہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

سماجی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دانیہ شاہ نے پوری دنیا میں پاکستان کی عورتوں کی عزت مجروح کی ہے، دانیہ شاہ کی حرکت کی وجہ سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ معمولی تنازع پر شوہر کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے پر دانیہ شاہ کو سزا ملنی چاہئے واضح رہے کہ دانیہ شاہ اور عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں شادی کی تھی لیکن محض تین ماہ بعد ہی دونوں نے ایک دوسرے پر شرمناک الزامات لگا کر ایک دوسرے کے بارے نامناسب مواد سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا تھا۔

جب عامر لیاقت کی جانب سے دانیہ کی قابل اعتراض آڈیو گفتگو سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں تو اس نے بھی ردعمل میں عامر کی کچھ قابل اعتراض ویڈیوز لیک کر دیں تھیں جنکے بعد وہ ڈیپریشن میں چلے گئے تھے اور گھر سے نکلنا بند کر دیا تھا۔ لیکن دانیہ شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ویڈیوز انہوں نے نہیں، بلکہ کسی تیسرے فرد نے بنائیں اور انہیں بھی اس شخص نے یہ ویڈیوز بھیجی تھیں۔ دانیہ شاہ کے مطابق عامر لیاقت کی ویڈیوز میں نے وائرل نہیں کیں، ان کے پاس شوہر کی اسی طرح کی صرف ایک ویڈیو ہے جو کبھی ریلیز نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت کی موت کے فوری بعد دانیہ شاہ نے یہ دعوی کیا تھا کہ ان کے اپنے شوہر کے ساتھ گھر واپسی کے لیے مذاکرات جاری تھے لیکن اس سے پہلے ہی انکی موت واقع ہوگئی۔ خہال رہے کہ شادی کے وقت دانیہ شاہ کی عمر 18 سال جب کہ عامر لیاقت کی عمر 49 برس تھی، عامر لیاقت کی دانیہ شاہ سے شادی سے قبل ان کی پہلی دو شادیاں بھی طلاق پر ختم ہوئی تھیں، عامر کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے فروری 2022 میں خلع لینے کی تصدیق کی تھی، ان کی شادی تین برس تک چلی۔
اس سے قبل عامر کی پہلی اہلیہ بشریٰ نے بھی دسمبر 2020 میں عامر لیاقت سے طلاق ہو جانے کی تصدیق کی تھی۔

Related Articles

Back to top button