سوشل میڈیا پرحکومت مخالف میمز کی بھرمار کیوں؟

پاکستان میں پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عام شہریوں کے ساتھ فنکار برادری بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتی دکھائی دے رہی ہے، سوشل میڈیا پر صارفین کے ساتھ فنکاروں نے بھی حکومت کے خلاف خوب بھڑاس نکالی۔جبکہ صارفین نے تو میمز کی برسات ہی کر دی، مہنگائی اور تنخواہوں کے فرق کو دراز قد لڑکی اور چھوٹے قد لڑکے کے ساتھ تشبیہ دیتے رہے، فرحان سعید نے پیٹرول اور ڈیزل کے بڑھتے ہوئے نرخ پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے پاکستانی قوم سے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
اداکار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستانی عوام 500 روپے لیٹر پیٹرول بھی ڈلوا لیں گے جو قوم اپنے حق کے لیے کھڑی نہ ہو وہ یہ اور اس سے مزید بُرے کی حق دار ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول 22 روپے 22 پیسے کے اضافے کے ساتھ 272 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 17.20 روپے اضافے کے ساتھ 262.80 روپے سے بڑھا کر 280 روپے فی لیٹر کر دیا گیا۔فرحان سعید کی ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے بھی ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے نوجوان 272 روپے فی لیٹر پیٹرول ڈلوا کر دھکے کھاتے ہوئے پی ایس ایل میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم پہنچنے میں مصروف ہیں۔
فرحان سعید کے علاوہ دیگر اداکاروں نے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیا، اداکارہ سمینہ پیر زادہ نے لکھا کہ پاکستان کی ترقی میں ہی سب کی ترقی ہے، بس کردو ظالمو، دھرتی ماں کو جینے دو پھلنے پھولنے دو، لوگوں کو سانس لینے دو۔مشی خان نے عوام پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ پیٹرول کے لیے اب بھی لمبی قطاریں ہوں گی، ٹم ہارٹن کو مت بھولیں، پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کو انجوائے کریں، اس قوم پر کوئی اثر نہیں ہوگا، ایک اور مہنگائی بم پھٹنے کا انتظار کریں اور عوام صرف 2 دن تک سوشل میڈیا پر صرف باتیں کرتے رہیں گے۔
رابی پیر زادہ نے لکھا کہ پیٹرول کی نئی قیمت سن کر بانی پاکستان قائداعظم کی یاد آ گئی، ہمارے پاس کوئی وژن اور قیادت نہیں ہے، ہم اب ایک قوم نہیں رہے، ہم صرف لوگوں کا ٹولہ ہیں جو وطن سے زیادہ اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔یوٹیوبر و اداکار ارسلان نصیر نے لکھا کہ’ملک سے غربت ختم کرنی ہے یا غریب۔‘