لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،بجلی کا نظام درہم برہم

 لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں شہر میں 10 گھنٹوں کے دوران 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واٹراینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)  کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور مون سون کے جوبن کی وجہ سے لاہور بارش کی زد میں آگیا ہے  جس سے شہر میں 10گھنٹوں میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی اور شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر بھر کی انتظامیہ اور واسا لاہور کے تمام افسران و اسٹاف نکاسی آب کے لیے مکمل متحرک ہیں۔

کمشنر لاہور  محمد علی رندھاوا کے مطابق اس سے قبل رواں سال لاہور میں زیادہ سے زیادہ 256 ملی میٹر بارش 26 جون کو ہوئی جب کہ گزشتہ سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور سال 2018 میں شہر میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی، بارش تھمنے کے چند گھنٹوں میں ہی تمام نشیبی علاقے کلئیر کردیے جائیں گے،سسٹم اپنی مکمل استعداد پر نکاسی آب کو ممکن بنا رہا ہے۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شدید بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے قذافی اسٹیڈیم، گلبرگ، لبرٹی، کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاؤن، فیروز پور روڈ اور قرطبہ چوک میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے نکاسی آب کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن اور ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں ریکارڈ بارش ہوئی، نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، میں خود نکاسی آب کے کام کی نگرانی کر رہا ہوں۔

علاوہ ازیں لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش سے مال روڈ اورجی او آر کے علاقوں میں متعدد درخت گرگئے جس کے باعث بجلی کے تار بھی ٹوٹ گئے، متعدد بجلی کے پول ٹوٹنے سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم فیلڈ اسٹاف بجلی کا ترسیلی نظام بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

Related Articles

Back to top button