کفایت شعاروزیراعظم کے لیے 18 نئی گاڑیوں کی خریداری

یوٹرن لینا واقعی عظیم لیڈروں کا شیوہ ہوتا ہے اور وزیراعظم عمران خان اپنے اس قول پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔
تازہ ترین معلومات کے مطابق اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں کمی کے لیے درجنوں قیمتی گاڑیاں اور گائیں بھینسیں فروخت کرنے والے وزیراعظم عمران خان کے استعمال کے لیے انکی حکومت نے پچھلے ایک برس کے دوران صرف پرائم منسٹر ہاوس کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ روپے مالیت کی 18 نئی گاڑیاں خریدی ہیں۔ اس بات کا انکشاف قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویزات سے ہوا۔
سال 2015 سے سال 2019 تک وزیراعظم آفس کے لیے خریدی گئی گاڑیوں کی تفصیل کے مطابق وزیراعظم آفس کےلیے پانچ کروڑ 53 لاکھ روپے کی گاڑیاں خریدی گئی ہیں جب کہ عمران خان کے کفایت شعاری اعلان کے بعد بیچی گئی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے 21 کروڑ 75 لاکھ روپے وصول کیے گئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کےلیے 18 نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس کےلیے خریدی گئی گاڑیوں میں 1300 سی سی کی سات، 1800 سی سی کی تین اور 3000 سی سی کی تین گاڑیاں شامل ہیں جوکہ پرائم منسٹر ہاؤس کے زیر استعمال ہیں۔ جب وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع سے یہ سوال کیا گیا کہ اگر گاڑیاں خریدنی ہی تھیں تو پہلے انہیں بیچا کیوں گیا، تو جواب آیا کہ بیچی جانے والی گاڑیوں کے ماڈل پرانے ہو چکے تھے اور وزیراعظم ہاؤس کو نئے ماڈل کی گاڑیاں درکارتھیں۔ تاہم وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ کیا پرانی گائیں بھیج کر ان کی جگہ نئی گائیں بھی خریدی گئی ہیں یا نہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق نئی گاڑیوں کی خریداری کے آرڈر وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے سے پہلے دیئے جا چکے تھے لہذا ان کا ان نئی گاڑیوں کی خرید میں کوئی کردار نہیں ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم کا حلف لینے کے بعد کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت وزیراعظم آفس کی گاڑیاں نیلام کی گئی تھیں۔ کفایت شعاری مہم میں وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں بھی نیلامی کےلیے پیش کی گئی تھیں۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم آفس کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کی گاڑیوں کی نیلامی سے 21 کروڑ 75 لاکھ روپے وصول کیے گئے تاہم اس نیلامی کی اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کی گاڑیوں کی نیلامی کےلیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات کا بل متعلقہ اشتہاری ایجنسی نے ابھی تک فراہم نہیں کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button