بلآخر عروہ حسین کی متنازع فلم "ٹچ بٹن” ریلیز ہوگی

بالآخر اداکارہ عروہ حسین کی پروڈیوس کردہ متنازعہ فلم "ٹچ بٹن” ریلیز ہونے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ عروہ سے علیحدگی اختیار کرنے والے اداکار فرحان سعید اور اپنی بیوی پر تشدد کے الزامات کا شکار ہونے والے فیروز خان بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔ لہذا یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ نہ صرف فلم متنازع ہے بلکہ اس کی کاسٹ بھی متنازع اداکاروں پر مبنی ہے۔ ’’ٹچ بٹن‘‘ کو مختلف تنازعات میں گھرنے کے بعد بلاآخر 25 نومبر کو ملک بھر میں ریلیز کر دیا گیا، فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا۔

 

بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم فروری 2020 میں اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن کرونا وبا کے باعث سینمائوں کی بندش کی وجہ سے ٹچ بٹن کی نمائش بھی دیگر فلموں کی طرح روک دی گئی تھی۔ پھر رواں برس جولائی میں فلم کو 2022 کے آخر تک پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ایک ہفتہ قبل اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 11 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے بعد اس کے اداکار فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کی جانب سے تشدد کے الزامات لگانے جانے اور فلم کی مرکزی اداکارہ سونیا حسین کی جانب سے پروڈیوسر عروہ حسین پر معاوضہ نہ دیئے جانے کے الزامات کے بعد فلم کی نمائش کو ملتوی کرتے ہوئے اسے 25 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

 

’ٹچ بٹن‘ جہاں اداکارہ عروہ حسین کی پروڈیوس کی جانے والی پہلی فلم ہے، وہیں یہ فرحان سعید کی بطور فلم اداکار بھی پہلی فلم ہے، اس سے قبل وہ چھوٹی سکرین پر ڈیبیو کر چکے ہیں۔ فرحان سعید اور عروہ حسین سمیت فلم کی ٹیم میں شامل دیگر افراد نے بتایا کہ ’ٹچ بٹن‘ کو 25 نومبر کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کر دیا گیا۔’ٹچ بٹن‘ کو بیک وقت پاکستان، متحدہ عرب امارات برطانیہ، امریکا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور خلیجی ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا، ’ٹچ بٹن‘ میں سونیا حسین اور ایمان علی نے فرحان سعید اور فیروز خان کے مخالف کردار ادا کیے ہیں۔ فلم میں سینئر اداکار سہیل احمد بھی ایک اہم کردار میں دکھائی دیں گے جبکہ دیگر اداکاروں کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا، ’ٹچ بٹن‘ کو فرحان سعید اور ان کی موجودہ یا سابقہ اہلیہ عروہ حسین سمیت محمد جرجیس سیجا نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں۔ یاد رہے کہ فلم کی ریلیز سے ایک روز پہلے ہونے والی تقریب میں عروہ حسین اور فرحان سعید نے ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button