لمبے لمبے کانوں والا بکری کا بچہ سوشل میڈیا سٹار بن گیا


سوشل میڈیا نے بہت سے لوگوں کو راتوں رات شہرت دے کرسپرسٹار بنا دیا لیکن انسانوں سے ہٹ کر اب ایک میمنے نے بھی اس پلیٹ فارم سے خوب فائدہ اٹھایا ہے، جی ہاں! ایک ننھا منا پاکستانی میمنا اپنے لمبے لمبے کانوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سٹار بن گیا ہے۔

میمنے کے مالک نے اس کے طویل کانوں کے حوالے سے ورلڈ ریکارڈ کا دعویٰ کیا ہے، سمبا کراچی میں لاڈ پیار کی زندگی گزار رہا ہے، جہاں وہ پچھلے مہینے پیدا ہوا تھا۔پیدائش کے وقت اس کے کان حیرت انگیز طور پر طویل تھے اور اب یہ مزید بڑھ کر 54 سینٹی میٹر (21 انچ) تک پہنچ گئے ہیں، جانور پالنے والے محمد حسن ناریجو کا کہنا ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا ہے تاکہ سمبا کے طویل کانوں کو ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔ تاہم ابھی تک گنیز کی ویب سائٹ پر ”بکری کے طویل ترین‘‘ کانوں کی کیٹیگری شامل نہیں ہے۔

اس کے مالک حسن کا کہنا تھا کہ اپنی پیدائش کے 10 سے 12 دنوں کے اندر ہی یہ میمنا قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جبکہ یہ کئی مقابلہ حسن بھی جیت چکا ہے۔ ناریجو کا کہنا تھا کہ 30 دنوں میں ہی یہ میمنا اس قدر مقبول ہو گیا ہے کہ کسی مشہور شخصیت کو بھی اس شہرت کے حصول میں 25 سے 30 سال لگ سکتے ہیں۔

سمبا کے کان اتنے لمبے ہیں کہ حسن کو انہیں اس کی پیٹھ پر لپیٹنا پڑتے ہیں تاکہ یہ اس کے پاؤں میں نہ آئیں، حسن کا کہنا تھا کہ اس کو نظر بد سے بچانے کے لیے وہ اسے ایک سیاہ دھاگہ بھی باندھ کر رکھتا ہے، جس پر قرآنی آیات پڑھ کر پھونکی گئی ہیں۔ حسن نے سمبا کی نسل آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ لمبے لمبے کانوں والی بکری پاکستان کہ پہچان بن سکے۔

Related Articles

Back to top button