سائبیریا کے ہسکی کتے دس من وزن کیسے کھینچ لیتے ہیں؟

دنیا کے سرد ترین علاقے سائبیریا میں ایسی نسل کے کتے بھی پاۓ جاتے ہیں جو ایک ٹیم کی شکل میں دس من تک وزن کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں. ہسکی برفیلے علاقوں کے کتے ہیں جو مشرقی یورپ اور قطب شمالی میں پائے جاتے ہیں‘ سائبیریا کے یہ کتے بھیڑیے کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں‘ جسمانی لحاظ سے طاقتور ہوتے ہیں اور سردی اوربھوک برداشت کر جاتے ہیں‘ برفیلے علاقوں کے لوگ انھیں برف گاڑی میں جوت کران سے باربرداری کا کام لیتے ہیں اور ہسکی کتے لوگوں اور سامان کو گھسیٹ کر میلوں دور لے جاتے ہیں۔

مختلف ممالک سے آنے والے سیا ح پولینڈ‘ فن لینڈ اور ناروے کی سیر کے دوران ہسکی کتوں والی برف گاڑیوں کی سواری سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں ‘ یہ کتے واقعی آٹھ دس من وزنی اشیاء کو پہاڑوں اور وادیوں میں آسانی سے گھسیٹ لیتے ہیں لیکن یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے دنیا میں کتوں کی پانچ سو نسلیں ہیں مگر یہ کام صرف ہسکی کیوں کرتے ہیں؟ آپ کا جواب ہو گا یہ جسمانی لحاظ سے زیادہ تگڑے ہوتے ہیں‘ آپ کا جواب غلط ہے کیوں کہ ہسکی کتوں میں طاقت کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر آتے ہیں۔

ماس ٹف‘ روٹ وا یلر اورجرمن شیفرڈ کتوں کی تین نسلیں ہسکی سے طاقتور ہوتے ہیں‘ آپ اب کہیں گے ہسکی برف میں زیادہ دیر تک زندہ رہ سکتے ہیں‘ آپ کا یہ جواب بھی غلط ہے‘ کتوں کی آٹھ برفانی قسمیں ہسکی کے مقابلے میں زیادہ دیر تک برف میں زندہ رہتی ہیں‘ آپ اس کے بعد یقیناً یہ کہیں گے ہسکی زیادہ وفادار ہوتے ہیں۔
آپ کا یہ جواب بھی غلط ہے‘ کتوں کی تمام نسلیں وفادار ہوتی ہیں جب کہ چھ قسم کے کتے وفاداری میں تمام جانوروں اور انسانوں کو پیچھے چھوڑ جاتے ہیں اور ہسکی ان چھ نسلوں میں شمار نہیں ہوتے لہٰذا پھر یہ سوال اپنی جگہ قائم رہتا ہے انسان صرف ہسکی کتوں کو برف میں گاڑی کے آگے کیوں جوتتے ہیں؟ اس کی واحد وجہ ٹیم ورک ہے۔

ہسکی کتوں کی واحد نسل ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر گاڑی کھینچ لیتی ہے جب کہ کتوں کی باقی نسلوں میں سے کسی میں ٹیم ورک کی اہلیت نہیں‘ آپ سو کتوں کو اکٹھا کر لیں‘ آپ انھیں لاکھ ٹریننگ دے لیں لیکن یہ مل کر کوئی ایک ٹاسک مکمل نہیں کر سکیںگے‘ یہ چند منٹوں میں ایک دوسرے سے لڑنے لگیں گے۔

یہ درست ہے کتوں کوا یک جگہ اکٹھا رکھا جا سکتا ہے‘ انھیں ٹرینڈ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن ہم کتوں کو کسی ایک ٹاسک پر نہیں لگا سکتے مثلاً ہم کتوں کو مل کر دیوار گرانے یا مل کر ریڑھی کھینچنے کے لیے تیار نہیں کر سکیںگے اور یہ صرف کتوں کا ایشو نہیں ہے۔

کسی بھی جانور میں کسی خاص ٹاسک کے لیے ٹیم ورک کی اہلیت نہیں ہے‘ یہ جب بھی کام کرتے ہیں انفرادی سطح پر کرتے ہیں‘ ایک گھوڑا اکیلا اپنے مالک کے لیے جان دے دے گا لیکن دس گھوڑے مل کر یہ کام نہیں کریں گے‘ ایک پالتو طوطا‘ پالتو شیر اور پالتو کبوتر آپ کے اشارے پر آگ میں کود جائے گا‘ یہ دشمن کے کان سے میل تک نکال لائے گا لیکن آپ اگر چاہیں دس پندرہ شیر‘ کبوتر یا طوطے مل کر کوئی مشین چلا لیں تو یہ ممکن نہیں ہو گا۔

اللہ تعالیٰ نے یہ صفت صرف انسان کو عطا کی ہے‘ صرف ہمارے اندر ٹیم ورک کی بے انتہا خوبی ہے اور یہ زمین پر انسان کی بقا کی سب سے بڑی وجہ بھی ہے‘انسان اگر اس وقت مشرق سے مغرب اور زمین سے چاند تک موجود ہے تو اس کی وجہ ٹیم ورک ہے‘ ہم انسان مختلف رنگ‘ نسل‘ زبان‘ قد کاٹھ اور نظریات کے حامل لوگوں کی ٹیم بنالیتے ہیں اور پھر دن رات ایک کر کے اپنا ٹاسک مکمل کر لیتے ہیں اور یوں زندگی میں قدم قدم آگے بڑھتے جاتے ہیں۔ انسان کی طرح کم و بیش ہسکی کتے بھی ٹیم ورک اور باہمی تال میل کی بدولت بھاری وزن کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

Related Articles

Back to top button