اسلام آباد کے اتوار بازار میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

وفاقی دارالحکومت کے پشاور موڑ پر واقع اتوار بازارمیں قالینوں کے سٹالز میں لگی آپ پر قابو پالیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے آگ پرقابو پا لیا، ریسکیو راولپنڈی اور مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا، اتوار بازار میں آگ کپڑے اور قالینوں کے اسٹالز میں لگی تھی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 300 سے زائد دکانوں اور اسٹالز کو نقصان پہنچا ہے، اتوار بازار کے گیٹ نمبر 7 کو مکمل سیل کردیاگیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اتوار بازار میں آج شام ویلڈنگ کا کام ہورہا تھا جس سے ممکنہ طور پر آگ بھڑکی۔آگ بجھانے میں پاک بحریہ نے بھی سول انتظامیہ کی مدد کی، پاک بحریہ کی ٹیم اور 2 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلام آباد اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے آگ واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔