آرمی چیف اور بل گیٹس کے مابین ٹیلیفونک رابطہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان انسداد پولیو پروگرام سے متعلق ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بل گیٹس نے سیکیورٹی، مانیٹرنگ اور صلاحیت کے خلا میں کمی کے ذریعے مہم میں پاک فوج کی مدد کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور پاک فوج نے حکومت پاکستان اور صوبوں کے محکمہ صحت کے اہم اقدامات میں کردار ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہ ہیلتھ ورکرز جنہوں نے پولیو مہم میں اہم ترین کردار ادا کیا وہ کورونا وائرس کے خلاف دفاع میں بھی فرنٹ لائن پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی باوجود پاک فوج نے حکومت کی کوششوں میں تعاون کرتے ہوئے آئندہ ہفتوں میں انسداد پولیو دوبارہ شروع کرنے سے متعلق تیاریاں کی ہیں۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران آرمی چیف اور بل گیٹس نے وبا کے خطرے کی صورت میں درپیش چیلنجز اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال کے لچکدار نظام اور ٹیکنالوجی کے ذریعے آبادی کے اس سے ابھرنے کی کوششوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے اس نیک مقصد کے لیے بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کی بہتری کے مقصد کے لیے ہر کوشش میں مکمل تعاون کیا جائے گا اور اسے سراہا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button