نادیہ افگن نے اداکارہ یمنیٰ زیدی کو’اوور ریٹڈ‘ کیوں کہا؟

اداکارہ یمنیٰ زیدی کو اوور ریٹڈ کہنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے تنگ آ کر آخر کار اداکارہ نادیہ افگن نے خاموشی توڑتے ہوئے ناقدین کے منہ بند کروا دیئے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر یمنیٰ زیدی کے خلاف بعض مداحوں اور سینئر اداکاروں کی جانب سے منفی تبصرے کیے جا رہے ہیں، یمنیٰ زیدی کی اداکاری پر سوال اُٹھانے کا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب جیو ٹی وی انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے بعد یمنیٰ زیدی پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

اسی دوران گزشتہ ہفتے نادیہ افگن نے اے پلس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام چاکلیٹ ٹائمز میں شرکت کرتے ہوئے تبصرہ کیا تھا کہ یمنیٰ زیدی اوور ریٹڈ (جسے ضرورت سے زیادہ پذیرائی مل گئی ہو) اداکارہ ہیں۔

نادیہ افگن کے اس تبصرے پر انہیں سوشل میڈیا پر کئی بار ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، یمنیٰ زیدی کے مداحوں کی جانب سے ان پر سخت تنقید کی گئی یہی نہیں بلکہ پاکستان کی سینئر اداکاروں نے بھی نادیہ افگن کے تبصرے پر ردعمل دیا جن میں بشریٰ انصاری اور نادیہ جمیل بھی شامل ہیں۔

کئی روز کی ٹرولنگ اور تنقید کے بعد نادیہ افگن نے انسٹاگرام پر سوال جواب کے سیشن کے دوران یمنیٰ زیدی کو اوور ریٹڈ اداکارہ کرنے کی وجہ بتا دی، ایک مداح نے سوال کیا کہ آپ کو یمنیٰ زیدی کیا واقعی اوور ریٹڈ لگتی ہے؟ لیکن کیوں؟ کیا وہ آپ کو تیرے بن کے کردار کی وجہ اوور ریٹڈ لگتی ہے؟

جس پر نادیہ افگن نے جواب دیا کہ ’جی لگتی ہے، لیکن صرف مجھے لگتی ہے، آپ مجھ سے اتفاق نہ کریں، یہ آپ کا حق ہے، اور ضروری تو نہیں کہ جو مجھے لگے وہ آپ کو بھی لگے، تو آپ اپنی جگہ خوش اور میں اپنی جگہ۔

نادیہ افگن نے کہا کہ ’انہوں نے ڈراما سیریل تیرے بن نہیں دیکھا، اداکارہ سے ایک اور سوال کیا گیا کہ ’آپ کو یمنیٰ سے کیا مسئلہ ہے؟ آپ نے ان کو اوور ریٹڈ کیوں کہا؟ وہ پاکستان کی سب سے بہترین اداکارہ ہیں، جس پر نادیہ افگن نے جواب دیا کہ ’مجھے ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، بس مجھے اوور ریٹڈ لگتی ہے، اس میں مسئلہ کیا ہے؟ آپ نہ مانیں لیکن اپنی مرضی مجھ پر مسلط مت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا، میری رضامندی آپ سب کے لیے کیوں معنی رکھتی ہے؟ اس بات کو چھوڑیں کیونکہ آپ کو فرق نہیں پڑنا چاہئے، مداح کی جانب سے ایک اور سوال کیا گیا کہ یمنیٰ پر جب آپ نے تنقید کی تو کیا لوگوں نے آپ کو ٹرول کیا؟

جس پر نادیہ افگن نے کہا کہ میں بے رحم انسان نہیں ہوں، میں اس انڈسٹری میں گزشتہ 26 سال سے کام کر رہی ہوں، میں نے بس سوال کا ایمانداری سے جواب دیا تھا اور میں ایسا دوبارہ بھی کروں گی، میں سینئر اداکارہ ہوں اور مجھے اپنی ذاتی رائے رکھنے اور اظہار خیال کرنے کا پورا حق ہے، ہر کسی کو اتفاق اور اختلاف کا حق ہے لیکن کسی کو بدتمیزی اور بدسلوکی کا حق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہاں مجھے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا، لوگوں نے انتہائی نامناسب اور مطلبی باتیں کیں جس سے ایک بات ظاہر ہوتی ہے کہ اگر آپ سچ بولتے ہیں تو پوری دنیا آپ کے پیچھے پڑ جاتی ہے، جھوٹ ہضم کرنا آسان ہے اور عادت بھی ہے، سچ بولنے کے لیے ہمت چاہیے اور الحمداللہ میرے اندر بہت ہمت ہے۔

اداکارہ نادیہ افگن نے یہ بھی کہا کہ وہ زیرو (0) فالوورز اور 3 پوسٹ والے اکاؤنٹ کی طرف کی جانے والی تنقید کو زیادہ سنجیدہ نہیں لیتی ہیں، مداح کے سوال پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ڈراما سیریل سنو چندہ کا سیزن 3 نہیں آئے گا۔

Related Articles

Back to top button