جہانگیر ترین، سراج الحق کا سیاست سے علیحدگی کا اعلان

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے الیکشن میں ناکامی پر سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے، جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے انتخابات میں حمایت کی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اور  کامیابی پراپنے مخالفین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات میں ناکامی پر  جماعت اسلامی کی امارت سے استعفیٰ دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ  کامیابی نہیں دلا سکا، انتخابات میں ناکامی کو قبول کرتے ہوئے بطور  امیر جماعت اسلامی استعفٰی دیتا ہوں۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ  سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے شوریٰ کا اجلاس 17 فروری کو  منصورہ میں طلب کر لیا ہے، خیال رہےکہ گزشتہ روز  جماعت اسلامی کے الیکشن کمیشن کے صدر نے نئے امیر کے انتخاب اور  اراکین کی رہنمائی کے لیے  3 ناموں کا اعلان بھی کیا تھا۔ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کے نئے امیرکے لیے اعلان کردہ 3 ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں، اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button