سانحہ9مئی،پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد عمر اور پارٹی چیئرمین عمران خان کی دونوں بہنوں سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 4 اکتوبر تک توسیع کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں اسد عمر سمیت سمیت دیگر ملزمان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر جج عبہر گل نے سماعت کی۔
اسد عمر اور دیگر نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، علیمہ خان روسٹرم پر آئیں اور عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں جناح ہاؤس نہیں گئی مگر مجھے نامزد کردیا گیا، ہم عدالت انصاف کے لیے آئے ہیں، ہمیں انصاف دیا جائے۔
دریں اثنا عدالت نے اسد عمر اور چیرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 4 اکتوبر تک توسیع کردی اور پولیس سے تفتیش کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔