بڑی بیٹی کی شادی پر شاہد آفریدی جذباتی ہوگئے

سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی پیا گھر سدھار گئی ہیں، شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیٹی کے نام جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے شادی کی تصاویر بھی شیئر کر دیں، شادی کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔

شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ آفریدی کی شادی نصیر نامی لڑکے سے کراچی کے مقامی ہال میں ہوئی تھی، دلہے سے متعلق آفریدی خاندان نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، دُلہا اور دُلہن کی جوڑے کی تصاویر منظر عام پر نہیں لائی گئیں تاہم سوشل میڈیا پر دُولہے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، سرفراز احمد، حسن علی، امام الحق، شان مسعود تقریب میں خوشگوار موڈ میں موجود ہیں، اس کے علاوہ سابق کرکٹرز معین خان، ارشد خان، محمد اکرم اور وقار یونس بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹر سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کراچی میں قومی ٹریننگ کیمپ میں مصروف تھے، کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں خاص طور پر شرکت کی تھی۔

دوسری جانب شاہد آفریدی نے بھی اپنی بڑی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں رخصتی کے لمحات کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے جذباتی پیغام لکھا ’’میری پیاری بیٹی، ایسا لگتا ہے کہ کل کی ہی بات ہو جب میں نے آپ کو اپنی بانہوں میں اٹھایا تھا اور اس دن میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ میں آپ کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا، اگرچہ آپ اپنی زندگی میں ایک نیا باب شروع کرنے والی ہیں، آپ ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی کیونکہ میں وہ شخص ہوں جس نے آپ سے پہلے پیار کیا‘‘

شاہد آفریدی نے جوڑے کو دعائیں دیتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ آپ دونوں کو اپنی حفاظت میں رکھے اور آپ کو ایک ساتھ ایک خوبصورت زندگی گزارنے کا موقع عطا فرمائے، آمین۔

یاد رہے کہ اقصیٰ آفریدی کا نکاح گزشتہ سال دسمبر میں ہوگیا تھا اور گزشتہ روز شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ شادی کی تقریبات کو محدود اور سادہ رکھا گیا، جس میں دونوں خاندان کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے بھی شرکت کی۔

گزشتہ سال جوڑے کی نکاح کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جہاں نکاح خواں کی جانب سے سنا جاسکتا تھا کہ اقصیٰ آفریدی کا حق مہر 131 تولہ چاندی رکھا گیا، جس کی اس وقت مالیت 2 لاکھ 60 ہزار 952 روپے بنتی ہے، قبل ازیں فروری 2023 میں قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا نکاح شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی سے ہوا تھا۔

Related Articles

Back to top button