قومی اور صوبائی الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں

پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نئی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اور قومی الیکشن ایک ہی وقت میں ہونے چاہئیں۔وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص 2014ء سے ملک کو بحران کا شکار کرنے میں لگا ہوا ہے، اگر اس کی ضد پر یہ دو صوبائی الیکشن ہو جائیں تو نگراں سیٹ اپ نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر جنرل الیکشن ہو جائیں تو دو صوبوں میں نگراں سیٹ اپ نہیں ہوگا، 5 سال بعد پھر یہی ہوگا، ایسی صورت میں الیکشن متنازع ہوں گے، اگر یہ ہارے تو ہم پر الزام لگائیں گے کہ نگراں سیٹ اپ نہیں تھا، انہوں نے اثر و رسوخ استعمال کیا، یہ ایسی صورتِ حال ہے کہ الیکشن کمیشن کو بہتر فیصلہ کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ نیا الیکشن استحکام کا باعث بننا چاہئے نہ کہ نئے دھرنے اور افراتفری کا، شفاف الیکشن میں کوئی چیز حائل ہے تو اس کاتدارک کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن چاہے تو عدالت میں ریویو میں جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو ٹیرین کیس میں نااہل ہونا ہے تو اپنی غلطی سے ہی ہونا ہے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ توشہ خانے کی گھڑیاں کیا مسلم لیگ ن نے ان سے کہا تھا کہ چوری کریں، جعلی رسیدیں بنائیں، یہ سب عمران خان کا اپنا کیا دھرا ہے۔