پارلیمنٹ جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا

اسلام آباد میں پارلیمنٹ جانے والے تمام راستوں کو خار دار تاریں اور بیرئیر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، ڈی چوک اورنادرا چوک سے پارلیمنٹ کی طرف آنے والے راستوں کے انٹری پوائنٹس کو بند کر دیا گیا، حکام کے مطابق یہ اقدام جے یو آئی ف کے ممکنہ احتجاج کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے لاج میں انصار الاسلام کے اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر اسلام آباد پولیس کے اہلکار طلب کیے گئے تھے، پارلیمنٹ لاجز میں مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے اہلکاروں کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہونے کے بعد کشیدہ صورتحال دیکھنے میں آئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انصار الاسلام کے اہلکاروں کو لاجز سے نکالنے کی کوشش پر پیپلز پارٹی کے آغاز رفیع اللہ اور ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے مزاحمت کی اور اسی دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی، مذاکرات کی ناکامی کے بعد پولیس اہلکاروں نے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر انہیں اور انصار الاسلام کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا، اس تمام صورتحال میں پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مزید نفری اور قیدیوں کی وین پارلیمنٹ پہنچا دی۔
جبکہ پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیے گئے جے یو آئی ( ف) کے کارکنوں اور اراکین قومی اسمبلی کو آج صبح کے وقت رہا کر دیا گیا ہے ، رہائی کے بعد جے یو آئی ف کے کارکن اور دونوں ایم این ایز تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے، جے یو آئی ( ف) کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا۔