پاک فوج کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا سب پر لازم ہے

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملکی سلامتی کے اداروں کے احترام کو سیاسی قائدین سمیت سب پر لازم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا، سیاسی لڑائیاں کسی اور وقت کیلئے اٹھا رکھنی چاہئیں۔
اسلام اؓباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اداروں کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر لاگو ہے، سیاستدانوں کو پاک فوج سمیت ساکھ رکھنے والے اداروں کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، لڑائیاں کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ مشرف کی حکومت ختم ہوئے اور رول بیک ہوئے لمبا عرصہ ہو چکا، سیاستدانوں کو یہ لڑائی اپنی حدود میں رکھنی چاہیے، اس لڑائی کو کسی اور کی حدود میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا دعا ہے کہ حالات سنبھل جائیں کیونکہ خرابی سب کے لیے مسائل پیدا کرے گی، ملک میں سیاسی استحکام آنا چاہیے تاکہ اقتصادی استحکام بھی آئے۔
شہباز گل کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا قانون کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق نمٹیں گے، سنا ہے شہباز گل نے کل کہا ہے کہ فوج میری جان ہے، اگر ایسا کہا ہے تو اچھا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کو دیکھ رہے ہیں، ہم افغان حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

Related Articles

Back to top button