پاکستانی فلم ’’کملی‘‘ یورپی فلم فیسٹیول کے لیے منتخب

اب ذیادہ سے ذیادہ پاکستانی فلمیں عالمی سطح پر نام بنانے میں کامیاب ہو رہی ہیں، جوائے لینڈ کی عالمی سطح پر پذیرائی کے بعد فلسماز سرمد کھوسٹ کی فلم کملی کو بھی یورپی فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

پاکستانی اداکار اور فلمساز سرمد کھوسٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے ذریعے اپنی فلم فلم ’کملی‘ کی ایک اور کامیابی کا اعلان کیا، سرمد نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ ان کی فلم ’کملی‘ یورپ کے ایک فلمی میلے آئی ایف ایف آر میں اسکرین کی جائے گی۔

انہوں نے لکھا کہ امید ہے فلم دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑنے میں کامیاب ہوگی، فلم فیسٹول اگلے برس نیدرلینڈ کے شہر روٹرڈیم میں منعقد ہوگا اور یہ 25 جنوری سے 5 فروری تک جاری رہے گا۔

اس فلم میں اداکارہ صبا قمر، نمرہ بچہ، ثانیہ سعید، حمزہ خواجہ سمیت عمیر رانا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم رواں برس 3 جون کو ملکی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستانی فلم ’کملی‘ کی مرکزی کہانی کا خیال انتہائی سادہ ہے۔ شاید اتنا سادہ کہ کسی اور پاکستانی ڈائریکٹر کے لیے اس پر دو گھنٹے کی فلم بنانا بہت مشکل ثابت ہو لیکن سرمد کھوسٹ نے فاطمہ ستار کی لکھی ہوئی اس سادہ سی کہانی پر مبنی سکرین پلے کو انتہائی مہارت سے ایک مکمل فلم کی شکل دی ہے۔ ’’کملی‘‘ کہانی ہے حنا نامی لڑکی کی، جو ایک بے نام وادی کے ایک گھر میں اپنی اندھی نند سکینہ کے ساتھ بظاہر ایک عام سی زندگی گزار رہی ہے۔

 آٹھ سال پہلے اس کا شوہر روزگار کی تلاش میں ملک سے باہر گیا اور پھر کبھی مڑ کر واپس نہیں آیا اور نہ ہی اس نے اپنی بہن یا بیوی سے کوئی رابطہ کیا۔ ان حالات میں حنا کی ملاقات اس وادی میں آئے ایک مسافر املتاس سے ہوتی ہے اور ان دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے۔  اگر ہم غور کریں تو ’کملی‘ کی کہانی سے ہمیں اپنی ہی مٹی میں بسے ہیر رانجھا اور سوہنی مہیوال کے قصوں کی دھیمی سی خوشبو آتی ہے۔ فرق اتنا ہے کہ حنا اور املتاس کی محبت کا یہ فسانہ آج کے دور کا ہے۔ کہانی سنانے کا انداز بھی نیا ہے اور محبت کی بنت میں بھی جدت ہے۔

Related Articles

Back to top button