پی ٹی آئی کا عمران خان کی گرفتاری پر اسلام آباد بند کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرلیا، پورے اسلام آباد کو بند کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک کی زیر صدارت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سینئر ترین قیادت اسد قیصر، نورالحق قادری، اعظم سواتی، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، شہریار آفریدی، عاطف خان، شوکت یوسفزئی، شہرام ترکئی شریک ہوئے، اجلاس میں چیئرمین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
صوبائی وزیر محنت خیبر پختون خوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کو بند اور امپورٹڈ حکومت کی رخصتی تک دھرنا دیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پارٹی رہنماﺅں کے خلاف قائم جھوٹے وبے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔
حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک اور پارٹی منظم کرنے کیلئے عمران خان نے بھی پارٹی عہدیداروں و یوتھ کے صوبائی صدور کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کرلیا، اجلاس میں قانونی پہلو، ملک کی سیاسی صورتحال و دیگر اہم معاملات زیر غور آئیں گے جبکہ اسلام آباد کی جانب مارچ اور دیگر اہم معاملات پر سنیئر قیادت سے مشاورت ہوگی۔

Related Articles

Back to top button