’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو 8 مارچ کی شب وفاقی اسلام آباد لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں اردو کا ایک جملہ اُلٹا بول دینے کے بعد اپنے سیاسی مخالفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہیں اور انکی مختلف میمز بنائی جا رہی ہیں۔ بلاول نے کراچی سے 27 فروری کو نکلنے والے عوامی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے پر خطاب کے دوران کہا تھا کہ ان کے مارچ سے دارالحکومت میں ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘۔ دراصل وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ان کے پریشر سے حکومت کی ’ٹانگیں کانپ رہی ہیں‘۔
بلاول بھٹو کے اُلٹے جملے پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان امڈ آیا اور ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، اس تقریر کے اگکے دن وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں خطاب کے دوران آصف زرداری کو ہاتھ جوڑ کر خدا کا واسطہ دیا اور کہا کہ کم از کم اہنے بیٹے کو اردو بولنا تو سکھا دو۔
سیاسی اور شوبز شخصیات نے بھی پی پی چیئرمین کی تقریر پر پیروڈی ویڈیوز بنائیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قوم کو ہنسنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا۔ عمران خان کے سابق معاون خصوصی سید زلفی بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ سے اسلام آباد تک مارچ کرکے ہمیں ایک شاندار میم دی۔ بلاول کے پورے لانگ مارچ پر یہ کانپیں ٹانگ رہی ہے، بھاری ہے۔ اداکار احسن خان نے بھی ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ اس بارے ایک ویڈیو بنائی جو انسٹاگرام پر خوب وائرل ہوئی۔ ماڈل و اداکارہ فاطمہ آفندی نے بھی بلاول بھٹو کی تقریر پر پیروڈی ویڈیو بنائی، جسے لوگوں نے کافی سراہا۔ اداکارہ صاحبہ ریمبو نے بھی ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ پر ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جسے کافی لوگوں نے پسند کیا۔
صحافی مریم نواز کی ٹوئٹ کو بھی کئی لوگوں نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کی زبان پھسلنے کی ویڈیو کلپ شیئر کرکے اس پر طرح طرح کے جملے لکھے۔ بعض لوگوں نے بلاول بھٹو کی زبان پھسلنے پر ان کی طرح اُلٹے جملوں کی شاعری کرنا بھی شروع کردی جب کہ بعض لوگوں نے اُلٹے جملوں پر مبنی میمز شیئر کرنا شروع کیں۔ دیگر لوگوں نے بھی بلاول بھٹو زرداری کے اُلٹے جملے پر سیاسی میمز بھی بنائیں اور لوگ دو تک ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے اس پر سوشل میڈیا پر پوسٹس کرتے رہے۔ ایک صارف نے شعر کی صورت میں کانپیں ٹانگ جاتی کو کچھ یوں استعمال کیا:
تنخواہ جب بھی آتی ہے
ڈھیروں خوشیاں لاتی ہے
خرچوں کی لسٹ بناتا ہوں
کانپیں ٹانگ جاتی ہیں