کورونا کے وار تیز،مزید2جانیں نگل گیا،675 نئے کیس رپورٹ

ملک بھر میں کورونا کے وار روزبروز تیز ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں موذی وائرس مزید 2 انسانی جانیں نگل گیا ہے اور675 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ ایک دن کے دوران 14 ہزار 632 کورونا ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے مزید 675 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ملک بھر میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح4.61 فیصد تک پہنچ گئی ہے، 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 2 اموات ہوئی ہیں جبکہ کورونا سے متاثر 153 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ دیکھنے میں آرہی ہے گزشتہ روز 508 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی اورصوبے میں مثبت کیسز کی شرح 10.53 فیصدتک جاپہنچی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ روز کورونا کے 456 کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 20.61 فیصد رہی جب کہ حیدرآباد میں شرح 0.83 فیصد رہی، این سی او سی کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے دیگرصوبوں میں بھی کورونا مثبت کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر وں جس میں لاہور میں گزشتہ روزکورونا مثبت کیسزکی شرح 3.29 فیصد رہی، فیصل آباد میں 1.52، کوئٹہ میں 2.71، مردان 2.21، اسلام آباد 3.48 اور راولپنڈی 0.75 فیصد رہی ہے،اس کے علاوہ خیبر پختون خواہ کے شہر پشاور میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 4.51 فیصد رہی جب کہ میرپور آزاد کشمیرمیں شرح 2.44 فیصد رہی۔

واضح رہے کچھ روز قبل کورونا کی بگڑتی صورتحا ل پر وزیر اعظم نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہاہے ، گذشتہ روز بھی مہلک وائرس 2 افراد کی موت کا سبب بنا تھا، حکومت کو اس حوالے سے سنجیدہ اور فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

Back to top button