بشریٰ انصاری کی عمران کو شادی کی آفر وائرل ہو گئی


سینئر اداکارہ اور گلوکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے ماضی میں عمران خان کو کی گئی شادی کی آفر اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کی صورت میں وائرل ہو گئی ہے۔ بشریٰ میڈیا میں رہنے کا فن خوب جانتی ہیں لیکن آج کل وہ اپنے ایک پرانے ویڈیو کلپ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب چھائی ہوئی ہیں، اس کلپ میں بشریٰ عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتی ہیں کہ ظالما، اگر تو نے بشریٰ سے ہی شادی کرنا تھی تو میں کیا مر گئی تھی؟ بشریٰ انصاری کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ آپ نے اگر بشریٰ بی بی سے ہی شادی کرنا تھی تو میرا نام بھی بشریٰ تھا، مجھ سے شادی کر لیتے۔

دراصل سوشل میڈیا پر بشریٰ انصاری کی وائرل ہونے والی ویڈیو ایوارڈز کی ایک تقریب کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بشریٰ انصاری سٹیج پر عاطف اسلم اور ان کی اہلیہ کے ساتھ موجود ہیں۔ اس موقع پر بشریٰ نے کہا کہ میں عمران خان سے مل کر پوچھوں گی کہ ظالما! اگر تیسری شادی بشریٰ سے ہی کرنی تھی تو میں کیا مر گئی تھی؟ اداکارہ کی یہ بات سنتے ہی حاضرین نے قہقہے لگانا شروع کر دیئے، سوشل میڈیا صارفین بھی اس وائرل ویڈیو سے خوب محظوظ ہوئے اور تبصرے بھی کیے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی 18 فروری 2018 کو کی تھی، شادی سے پہلے بشریٰ بی بی عمران خان کی روحانی استاد تھیں اور انہیں پیرنی کا درجہ حاصل تھا۔ تاہم عمران سے چند ملاقاتوں کے بعد انہوں نے اپنے شوہر سے طلاق لے کر خان صاحب کے عقد میں جانے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ شادی کے وقت بشریٰ بی بی نانی اور دادی بھی بن چکی تھیں۔

اس سے پہلے عمران خان نے پہلی شادی 1995 میں برطانوی خاتون جمائما گولڈ سمتھ سے کی تھی جن سے ان کے دو بیٹے ہیں، یہ شادی طلاق پر منتج ہوئی تھی، عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے 2014 میں ہوئی تھی اور یہ شادی ایک برس ہی چل سکی، عمران کے دوسرے نکاح کی خبریں تب سامنے آئی تھیں جب پشاور پبلک سکول پر حملے کے بعد ملک میں سوگ منایا جا رہا تھا اور قوم صدمے سے گزر رہی تھی۔

Related Articles

Back to top button