سابقہ دور حکومت میں بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر تھا

سابقہ دور حکومت میں‌ کرپشن کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے کہا کہ بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر بنا ہوا تھا۔
پارٹی سیکریٹریٹ میں سوشل میڈیا کی ٹیم سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ اس ہیڈ کوارٹر کے فرنٹ مین سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور فرنٹ پرسن فرح گوگی تھی، فرح گوگی نے تو صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا حق کھا لیا، کل آڈیو چل رہی تھی جس میں خاتون اول کہہ رہی تھیں 3 نہیں 5 قیراط کا ہیرا چاہئے۔
مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ انقلاب جس کو گلی گلی محلے محلے سے نکلنا تھا وہ آج اپنی ضمانتیں کرارہا ہے، سپرپاور کو لکارنے والا راہداری ضمانت کے لیے پشاور میں چھپا بیٹھا ہے، ظلم کو سہنا ہو تو آپ کو نواز شریف جیسا جگر چاہئے۔
مریم نواز کے مطابق جو شخص چار سال حکومت کرکے گیا ہے وہ کارکردگی بتانے کے لیے پرچی پڑھ رہا تھا، اس شخص کو تو پرچی بھی پڑھنی نہیں آرہی تھی جس نے کوئی کام نہیں کیا وہ کیا پڑھ پائے گا، بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے اسے تباہ شدہ پاکستان ملتا ہے اور خوش قسمتی یہ ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر کامیابی کی جانب گامزن کیا۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کسی جماعت کے حصے میں آئی ہے وہ مسلم لیگ (ن) ہے، اس لیے آج کے بعد ہمارا نعرہ ہے کہ ’کیا ہے اور کر کے دکھائیں گے، ن لیگ کو اب اپنی سیاست کی فکر نہیں ہے، اب اس ریاست کی فکر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے آئیں ہیں، عمران خان کے دور حکومت میں وہ بجلی پتا نہیں کہاں گئی جو نواز شریف نے بنائی تھی۔

Related Articles

Back to top button