شمالی وزیرستان، دہشتگردی کی پولیو ٹیم پر فائرنگ، اہلکار شہید

شمالی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹیم کو بحفاظت نکال لیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ اسپن وام کے علاقے میں کی گئی، دہشتگردوں نے فائرنگ پولیو مہم متاثر کرنے کے لیے کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انسداد پولیو ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی تعینات کی گئی۔ انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انسداد پولیو ٹیم کو بحفاظت نکال لیا۔سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران پاک فوج کے سپاہی ثاقب الرحمان شہید ہوئے۔

شمالی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی ثاقب الرحمان کا تعلق مردان سے ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں۔ بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

عالمی اداروں کی پاکستانی سیاست پر کڑی نظر ہے

Related Articles

Back to top button