عامر لیاقت اور بیٹے کی ویڈیو دیکھ کر لوگ آبدیدہ


ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک وفات کے بعد ان کے مختلف ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہے ہیں، حال ہی میں انکی ایک شو کے دوران اپنے بیٹے سے سوال کرنے کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر کئی صارفین آبدیدہ ہو گئے۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت 9 جون کو گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے، جنہیں ہنگامی بنیادوں پر آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی، مرحوم کی نماز جنازہ 10 جون کو ادا کی گئی تھی اور ان کے بیٹے احمد عامر نے ہی والد کی نماز جنازہ پڑھائی تھی۔ عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرائے بغیر ہی انہیں دفن کیا گیا تھا جس پر بعض لوگوں نے خدشات کا اظہار بھی کیا تھا، تاہم ان کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کیا تھا۔
جہاں عامر لیاقت کی نماز جنازہ پڑھانے کی بیٹے کی ویڈیو وائرل ہوئی اور اسے دیکھ کر لوگ آبدیدہ ہوئے، وہیں اب دونوں باپ اور بیٹے کی ایک پرانی ویڈیو سامنے آئی ہے جو لوگوں کو اشکبار کر رہی ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ’ایسا چلے گا‘ نامی بول ٹی وی کے گیم شو کی ویڈیو تقریباً 5 سال پرانی ہے۔

وائرل ہونے والی 2017 کی ویڈیو میں گیم شو ’ایسا چلے گا‘ میں عامر لیاقت کو بیٹے سے ایک سوال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے بیٹے عام شائقین میں بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ والد کی جانب سے سوال کرنے پر احمد عامر جواب نہیں دے پاتے، جس پر والد ان کے ساتھ مذاق کرتے ہیں اور کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ بیٹے نے میرا نام ڈبو دیا۔ ویڈیو میں عامر کو بیٹے کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کو کہتے ہیں کہ گھر میں وہ انہیں ہاتھ تک نہیں لگانے دیتے مگر گیم شو میں وہ بیٹے کو سب کے سامنے سبق سکھائیں گے۔ اسکے بعد عامر لیاقت بیٹے کو قینچی دے کر اپنی ہی داڑھی کے بال کاٹنے کا بھی حکم دیتے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں عامر گیم شو کی ٹیم کو کہتے ہیں کہ انعام کے طور پر ان کے بیٹے کو پانی کی خالی بوتل دی جائے۔ عامر لیاقت حسین اور ان کے بیٹے احمد عامر کی ویڈیو دیکھنے کے بعد کئی لوگ آبدیدہ ہوگئے اور کمنٹس میں مرحوم کے لیے دعائے مغفرت جبکہ ان کے بیٹے کے لیے صبر کی دعا کی، بہت سارے لوگوں نے عامر لیاقت کے لیے دعائیں کرتے ہوئے انہیں سب کو ہنسانے والے شخص کے طور پر یاد کیا۔

Related Articles

Back to top button