عمران خان نے میری طلاق کو میرے خلاف استعمال کیا


عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سابق شوہر نے ان کی طلاق کو ان کے خلاف استعمال کیا جو کہ ایک چھوٹی حرکت تھی۔ تاہم ان کے ان ریمارکس پر کپتان کے یوتھیے اور عمرانڈوز میدان میں نکل آئے اور ریحام خان پر تنقید کے نشتر برسانا شروع کر دیے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ عمران سے دوسری شادی ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی جس کا انہیں خمیازہ بھی ادا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ ریحام خان اور عمران خان کی شادی جنوری 2015 میں ہوئی تھی مگر 10 ماہ بعد ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہو گئی تھی۔ ریحام سے طلاق کے بعد عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے فروری 2018 میں شادی کر لی تھی جو کہ پہلے ان کی روحانی پیشوا تھیں۔ عمران خان سے شادی کے لئے بشریٰ نے اپنے پہلے شوہر خاور فرید مانیکا سے طلاق لے لی تھی۔ اپنی طلاق کے بعد ریحام اور عمران دونوں اپنے تعلقات پر کم ہی بات کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم دونوں ایک دوسرے پر نام لیے بغیر تنقید کرتے رہتے ہیں۔

ریحام خان کو عمران کے بڑے حریفوں میں شمار کیا جاتا ہے، وہ آئے دن ان کی سیاست، پالیسیوں، بیانات اور حکومت پر تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

حال ہی میں ریحام نے امریکا میں قتل ہونے والی پاکستانی نژاد فوٹو گرافر ثانیہ خان بارے ٹوئیٹر پر کمنٹ کرتے ہوئے اپنی طلاق سے متعلق بات کی، جس پر یوتھیوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ریحام نے اپنی دونوں طلاقوں سے متعلق باتیں کیں اور لکھا کہ انہیں پہلی طلاق لینے میں کئی سال لگے اور تب انہیں اپنے خاندان کا کوئی تعاون حاصل نہیں تھا اور نہ ہی ان کے کوئی ایسے دوست تھے جو انہیں سہارا دیتے۔ ریحام خان نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی اور بچوں کی حفاظت کی جدوجہد نے انہیں پی ٹی آئی کے ٹرولرز کی دشنام طرازیوں کا مقابلہ کرنے کی ہمت بھی دی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں ریحام نے دعویٰ کیا کہ ان کی دوسری طلاق کو عمران خان نے ان کے خلاف استعمال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ طلاق لینا کوئی جرم نہیں بلکہ زندہ رہنے کا حق ہے، تاہم انہیں اس ٹوئٹ پر کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور لکھا کہ عمران نے کبھی ان سے طلاق کے معاملے پر بات نہیں کی، وہ مظلوم بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تاہم ریحام خان نے اپنی ٹوئٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ عمران خان نے طلاق کو ان کے خلاف کیسے استعمال کیا۔ ریحام کی طرح عمران خان نے بھی جولائی 2018 میں ایک برطانوی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں ریحام سے شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے طلاق کے معاملے پر کوئی واضح بات نہیں کی تھی۔ خیال رہے کہ ریحام خان کی پہلی شادی 1990 کے بعد ہوئی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی، انہیں پہلی شادی سے تین جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں، حال ہی میں ریحام خان نے ایک ٹی وی شو میں تیسری شادی کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button