مشکل وقت میں ترکیہ کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں کبھی بھی ترکیہ کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔لاہور ہوائی اڈے پر ترکیہ کیلئے امدادی سامان بھیجنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یقین ہے ترک اور شام کے عوام اس مشکل سے جلد نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن یہ سانحہ ہوا ترک صدر سے بات کی اور تعاون کایقین دلایا، اسی رات پاک آرمی کی ٹیم ترکیہ روانہ کی، وزیراعظم نے کہا کہ ترکی اور شام میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے، ترکیہ اور شام میں لوگ ملبے سے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2010 میں پاکستان میں بدترین سیلاب آیا تو ترک صدر پاکستان آئے، ترکیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ملین ڈالر امداد دی، 2005 کے زلزلے میں بھی ترکیہ نے پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی تھی، ترکیہ بھیجے جانے والی پاکستانی امداد کی ترسیل شروع ہو چکی ہے، آج سو ٹن سامان بذریعہ ٹرک ترکی روانہ کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نماز جمعہ میں پاکستانی عوام ترکیہ کے عوام کیلئے خصوصی دعا کریں، پاکستان کی جانب سے ترکیہ کی امداد کا سلسلہ ہر روز جاری رہے گا، عوام، تاجر اور فلاحی اداروں سے امداد دینے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ترکیہ کو عطیات دینے سے متعلق ایک کمیٹی بنائی ہے ، چاروں وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ بھی عطیات جمع کریں، 1486  ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیج رہے ہیں، 100 ٹن سامان لے کر ٹرکوں کا قافلہ ایران کے راستے ترکیہ پہنچے گا، وزیراعلیٰ سندھ اور پنجاب نے امدادی سامان کی روانگی میں کردار ادا کیا، ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی عطیات جمع کیے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button