وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سینٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا گیا

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سینٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے.

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو ایوان بالا میں قائد ایوان نامزد کردیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کر رہے ہیں، جس کا اطلاق جمعہ سے ہی ہوگا۔

باخبر ذرائع نے کہا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ آج قائد ایوان سے مستعفی ہوجائیں گے،ن لیگ کے قائد نواز شریف نے اسحٰق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کرنے کی منظوری دی۔

اس حوالے سےوزیر اعظم نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو سمری ارسال کردی ہے جو جلد ہی اسحٰق ڈار کا بطور قائد ایوان نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔

یادرہے کہ گزشتہ ہفتے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت بشمول وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس کے دوران مفتاح اسمٰعیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد نواز شریف نے اسحٰق ڈار کو بطور وزیر خزانہ نامزد کیا تھا۔

جس کے بعد 26 ستمبر کو ن لیگ کے رہنما اسحٰق ڈار 5 سال کے بعد لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے، جنہوں نے ملک کی معیشت بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

واضح رہے اسحٰق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد کے نورخان ایئربیس پہنچنے کے بعد سرکاری نشریاتی ادارے ‘پی ٹی وی’ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں اپنے ملک میں واپس آیا ہوں، قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں وزیر خزانہ کی ذمہ داری قبول کروں،میں پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان جس معاشی بھنور میں پھنسا ہے، ہم پاکستان کو اس میں سے نکالیں۔

بعد ازاں 27 ستمبر کو اسحٰق ڈار نے سینیٹ اجلاس کے دوران بطور سینیٹر حلف اٹھایا تھا،28ستمبر کو سینیٹر اسحٰق ڈار نے ایوان صدر میں وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسحٰق ڈار سے حلف لیا تھا، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button