پاکستانی جوڑے کا امریکی جج کو جرمانے کے بعد تحفہ


امریکہ میں رہنے والے ایک پاکستانی نژاد جوڑے نے غلط کار پارکنگ کی پاداش میں معروف امریکی جج فرینک کیپریو کی عدالت میں پیشی کے دوران جرمانے کی سزا سننے کے بعد جج کو تحفتاً چترالی ٹوپی پیش کرنے کے بعد اکٹھے سیلفی بھی بنوا ڈالی۔ امریکی شہر پروویڈنس کے میونسپل جج فرینک کیپریو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے منصفانہ فیصلوں، بہترین حس مزاح اور امن پسندی کی وجہ سے بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی عدالت میں لگنے والے تمام کیسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل کی جاتی ہے۔

حال ہی میں ایک پاکستانی نژاد امریکی جواد عمار غلط پارکنگ کرنے کی پاداش میں فرینک کیپریو کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے جرمانے کی سزا سننے کے بعد کیپریو کو تحفتاً چترالی ٹوپی بھی پیش کی۔ عدالت میں پیش ہونے پر جج نے ملزم سے سوال کیا: ’آپ کو پارکنگ ٹکٹ ملا ہے؟‘ جس پر جواد کا کہنا تھا: ’جی، کیونکہ میری اہلیہ کو معلوم نہیں تھا کہ گاڑی کہاں پارک کرنی ہے اس لیے انہوں نے ممنوعہ جگہ پر گاڑی پارک کر دی۔‘ پشاور سے تعلق رکھنے والے شہری کے اس جواب پر جج کیپریو نے مسکراتے ہوئے کہا: ’کیا آپ آج صبح عدالت میں اس لیے پیش ہوئے ہیں کہ اپنی اہلیہ پر الزام دھر سکیں؟‘ اس کے بعد انہوں نے جواد کی اہلیہ کو بھی کٹہرے میں بلا لیا۔ اس موقع پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے جوڑے اور جج فرینک کیپریو کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا جس میں، ممنوعہ جگہ پر پارکنگ اور پروویڈنس میں زندگی سے متعلق گفتگو ہوئی۔ کیپریو کے استفسار پر خاتون نے بتایا کہ ’میں بنیادی طور پر پاکستانی ہوں مگر میری پرورش اوکلاہوما میں ہوئی ہے، میں دس سال سے زائد عرصے سے امریکہ میں مقیم ہوں مگر اپنی فیملی کو مس کرتی ہوں۔‘

اس کے بعد امریکی جج نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مجھے پاکستان سے بہت سے پیغامات، اچھے تاثرات اور حیرت انگیز خطوط موصول ہوتے ہیں۔ اس پر پاکستانی جوڑے کا کہنا تھا کہ ’وہاں کے لوگ آپ سے بہت پیار کرتے ہیں۔ جب ہم کسی کو بتاتے ہیں کہ ہم پروویڈنس میں رہتے ہیں تو وہ پوچھتے ہیں کہ اوہ، کیا آپ کیپریو کو جانتے ہیں؟ ہم ان سے ملنا چاہتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’جب ہمارے دوست امریکہ آئیں تو پوچھتے ہیں کہ کیا آپ ہمیں جج کیپریو سے ملوا سکتے ہیں؟ جواباً کیپریو کا کہنا تھا: ’میں نے پاکستان کے بارے میں بہت اچھی باتیں سنی ہیں۔ انہوں نے خاتون سے پوچھا کہ آپ پاکستان کی کیا چیز سب سے زیادہ مِس کرتی ہیں۔‘ خاتون نے جواب جواب دیا کہ ’کھانا‘۔

جج نے کیس کی کارروائی ختم کرتے ہوئے جوڑے پر 65 ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ جس کے بعد پاکستانی نژاد شہری نے فرینک کیپریو سے اجازت طلب کی کہ کیا ہم آپ کے ساتھ تصویر کھنچوا سکتے ہیں؟ کیپریو نے بخوشی تصویر کھنچوانے کی اجازت دی، اس موقع پر جوڑے نے کیپریو کو چترالی ٹوپی پیش کی اور بتایا کہ یہ ہماری روایتی پشاوری ٹوپی ہے جو ہاتھ سے بنائی گئی ہے۔ یہ میرے والد پاکستان سے آپ کے لیے لائے تھے مگر انہیں آپ سے ملنے کا موقع نہیں مل سکا۔‘ تحفہ وصول کرنے کے بعد امریکی جج نے ازراہ مذاق و تشکر کہا ’پاکستانیوں نے میرا دل جیت لیا ہے۔‘

Related Articles

Back to top button