پاکستانی ڈرونز قابو کرنے کے لیے انڈیا نے ’چیلیں‘ تیار کر لیں

بھارت نے اپنی سرحدی حدود میں جاسوسی کے لیے بھیجے جانے والے پاکستانی ڈرونز کو پکڑ کر گرانے کے لیے ارجن نامی چیلوں کے دستے تیار کر لیے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا کی سرحد پر پاکستانی ڈرونز کی پروازوں میں اضافے کے بعد سے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ اسکے تحت پہلے مرحلے میں بھارتی فوج نے سرحد پر نگاہ رکھنے کے لیے 750 ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے نگرانی کیلئے بھارتی حدود میں بھیجے جانے والے ڈرونز کو تباہ کرنے کی بجائے چیلوں کے ذریعے قابو کیا جائے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سرحد کے قریب انڈیا اور امریکہ کی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران انڈین فوج نے ایسی تربیت یافتہ چیلوں کا تجربہ کیا ہے، جو دشمن کے ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انڈین نیوز ویب سائٹ ’ٹائمز ناؤ‘ کے مطابق یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس اس دعوے کے بعد ہائی الرٹ پر ہے کہ پاکستان کی سمت سے مبینہ طور پر انڈین علاقوں میں اسلحہ اور منشیات بذریعہ ڈرون بھیجے جا رہے ہیں۔

امریکہ اور انڈیا کی مشترکہ جنگی مشقیں انڈین ریاست اتراکھنڈ کے علاقے اولی میں کی جا رہی ہیں، جو چینی سرحد سے صرف 100 کلومیٹر دور واقع ہے۔ انڈیا نے ان مشقوں کو ’یدھ ابھے ہاس‘ کا نام دیا ہے اور یہ اس سلسلے کی 18ویں مشقیں ہیں۔ ان سالانہ مشقوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ اپنے فوجی تجربات اور تکنیک شیئر کرتے ہیں۔ رواں سال ان مشقوں میں دونوں ممالک کے فوجیوں نے سخت سرد موسم میں اس مشکل علاقے میں جنگی مشقیں کی ہیں۔ ’انڈین ایرو سپیس ڈیفنس نیوز‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک انڈین فوجی اپنے ہاتھ پر بیٹھی ایک چیل کو فضا میں اڑا رہا ہے جو اڑتے ارکڑٹے ایک ڈرون پر جھپٹ کر اسے پکڑ لیتی ہے اور پھر اسے نیچے پھینک دیتی ہے۔ ویڈیو میں دکھائی جانے والی چیل کا نام ’ارجن‘ ہے۔ ان مشقوں میں چیلوں کے علاوہ تربیت یافتہ کتوں نے بھی حصہ لیا۔ انڈین فورسز کے مطابق یہ صلاحیت پنجاب اور جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ انڈین حکام نے حالیہ برسوں میں کئی بار ان علاقوں میں سرحد پار سے اسلحہ، منشیات اور پیسے بھیجنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button