مانگے تانگے کی حکومت گھس گھسا کر چل رہی ہے

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیا جائے گی’۔
یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صدر سے سوال کیاگیا کہ آپ نے کہا تھا کہ حکومت چلی جائے گی اب کیا صورتحال دیکھ رہے ہیں؟جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومت تو ہے نہیں چلی کیا جائے گی، ہو تو جائے گی نا یہ تو مانگے تانگے پر گھس گھسا کر نظام چلا رہے ہیں۔
افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال خطرناک ہے اس کے اثرات پاکستان پر آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمیں سوچنا بھی ہے اور اس پر نظر بھی رکھنی ہے، جو اس میں شامل ہے وہ دیکھتے ہوں گے۔اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو ضرور ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ جنوری میں سابق صدر نے بیان دیا تھا کہ ملک کی سیاست کے مستقبل کے لیے اگلے کچھ ماہ بہت اہم ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گھر جائے کیونکہ اس کی نااہلی اور غیر تجربہ کاری ملک کو بڑے بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔سابق صدر نے کہا تھا کہ ’یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے ہی وزن کے ساتھ گر جائیں گے بس انہیں آخری دھکے کی ضرورت ہے‘۔

Related Articles

Back to top button