کراچی: کرونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کیلئے 5قبرستان مختص

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کے پیش نظر کراچی میں وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تدفین کے لیے پانچ قبرستان مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر کی زیر سربراہی آج کراچی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین سمیت متعدد اہم معاملات زیر غور آئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی شہر کے پانچ قبرستانوں میں تدفین کی جائے گی۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی محمد شاہ قبرستان، سرجانی قبرستان، مواچھ گوٹھ قبرستان، کورنگی نمبر6 اور اورنگی ٹاؤن گلشنِِ ضیاء میں تدفین کی جائے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی کے اکثر قبرستان پہلے ہی مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور ان میں تدفین کی جگہ نہیں اور ایسے میں محض پانچ قبرستانوں کو کورونا سے مرنے والے کے لیے مختص کیے جانے سے تدفین میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پیش نظر تدفین کے لیے آنے والی میت کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تدفین کے لیے جنازے کے ساتھ صرف چند قریبی رشتہ دار ہی شامل ہو سکیں گے جبکہ قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہو گی۔وسیم اختر نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن ادا کی جا چکی ہے جبکہ حکومت سندھ سے گرانٹ ملتے ہی کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کردی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے کے ایم سی کے متعلقہ محکمے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور دیگر ضروری محکموں فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ اور سٹی وارڈنز کو بھی فعال رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 1600 سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ملک بھر میں اب تک 21 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ شہروں کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ اموات بھی کراچی میں ہوئی ہیں جہاں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button