کیا دھواں آنسو گیس کے اثرات کو کم کر سکتا ہے؟


کسی بھی احتجاج اور مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے، ایسا ہی پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران بھی دیکھنے کو ملا لیکن اس موقع پر لوگ آنسو گیس سے بچائو کیلئے درختوں، پتوں، لکڑیوں کو آگ لگاتے دکھائی دیئے جو کہ ماہرین کے مطابق بالکل غلط اور غیر موثر طریقہ ہے۔ سوشل میڈیا پر چند وائرل ہونے والی ویڈیوز میں پی ٹی آئی کے حامی آنسو گیس سے بچنے کے لیے قریبی درختوں کو آگ لگانے کا مشورہ دیتے اور یہ جواز پیش کرتے نظر آ رہے تھے کہ آنسو گیس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہم نے آگ لگائی ہے۔

ایک سوشل میڈیا صارف چوہدری آصف ہمایوں نے ٹویٹ کیا آنسو گیس کا اثر ختم کرنے کے لیے خشک لکڑی یا سبز گھاس یا درختوں کے سبز پتوں کو آگ لگا کر دھواں کیا جائے تو آنسو گیس کا دھواں بے اثر ہو جاتا ہے۔انہوں نے ڈی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ کہتے سنے جا سکتے ہیں کہ ’ہم پی ٹی آئی والوں نے یہاں آنسو گیس کی شدت کو کم کرنے کے لیے بلیو ایریا اسلام آباد میں درختوں کو آگ لگائی ہوئی ہے، گیلا تیتر کہلانے والے اینکر عمران ریاض خان نے بھی ٹویٹ کیا کہ بطور رپورٹر آپکو بتا دوں کہ دھواں آنسو گیس کا توڑ ہے۔

اگرچہ آنسو گیس کو ایک غیر مہلک کیمیائی ہتھیار سمجھا جاتا ہے، لیکن اس کے فوری اثرات نقصان دہ ہو سکتے ہیں، آنسو گیس کا شکار ہونے والوں کو جلد اور چہرے پر جلن محسوس ہوتی ہے، وہ سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں اور گیس کے باعث دیکھنے میں دقت محسوس کر سکتے ہیں اگر آپ آنسو گیس کو بے اثر کرنے کا طریقہ گوگل کریں تو آپ کو دودھ اور بیکنگ سوڈا کے استعمال جیسے ہر طرح کے ان گنت مشورے ملیں گے مگر یقین مانیے ان سب میں آگ کا دور دور تک کوئی ذکر نہیں ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ماسک یا منہ کو کسی طریقے سے ڈھانپنے کے علاوہ کوئی چیز آپ کو فائدہ نہیں پہنچا سکتی، اگر آپ ایسے مظاہرے میں شرکت کرنے جا رہے ہیں جہاں آنسو گیس کے استعمال کا خدشہ ہو تو اس صورت میں دھوپ کے چشمے پہنیں، سن سکرین لگائیں اور کوٹیکٹ لینس ہرگز نہ پہنیں، اگر آپ شیلنگ کی زد میں ہیں تو جتنی جلدی ہو سکے گیس والے علاقے سے نکلنے کی کوشش کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنسو گیس کے اثرات سے بچنے کے لئے ہوا دار جگہ پر رکیں، تازہ ہوا آپ کے جسم سے اضافی آنسو گیس کے پاؤڈر کو اُڑانے میں مدد دے گی اور اسے آپ کے منہ یا آنکھوں میں واپس آنے سے روکے گی، ٹھنڈے پانی سے آنکھیں دھو لیں، آنکھوں کو اندرونی سے بیرونی کونے تک دھوتے وقت آلودہ پانی کو اپنی جلد یا کپڑوں پر گرنے نہ دیں۔

اپنے کپڑوں اور جسم کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں، گرم پانی کا استعمال نہ کریں، گرم پانی کا استعمال آپ کی جلد کے سوراخوں کو کھول دے گا اور کیمیکلز کو مزید اندر جانے کی اجازت دے گا، جس کے نتیجے میں جلد میں مزید جلن پیدا ہوگی، نہانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس صورت میں آپ خود کو کیمیکلز میں بھگولیں گے۔

Related Articles

Back to top button