پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت کا شیخ زاید کےانتقال پراظہارافسوس

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کےانتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کر تے ہوئے لکھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی خبر سن کر گہرا رنج ہوا، متحدہ عرب امارات نے ایک دور اندیش رہنما اور پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے، ہم یو اے ای کی حکومت اور عوام کے لئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ مرحوم کی روح کو سکون دے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر اظہار افسوس کا پیغام جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک قریبی دوست سے محروم ہوگیا، اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے، آمین۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا۔انہوں نے لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو سکون میں رکھے، ہماری دعائیں شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی رحلت کی خبر سن کر رنجیدہ ہوں،یو اے ای کی ترقی میں شیخ زاید کا کردار مثالی تھا.

Related Articles

Back to top button