عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں کونسے مشہور لوگ دفن ہیں؟


بطور مسلمان ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ انسان کو ایک دن موت کا مزہ چکھنا ہے، اور قبر کی پہلی رات اس کے اعمال کا حساب کتاب ہوگا جس کو سامنے رکھتے ہوئے اکثر معروف شخصیات ولی اللہ، بزرگ شخصیات کے مزارات کی قربت میں دفن ہونے کی خواہش کا اظہار کرتی ہیں، ایسا ہی ایک مزار کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کا بھی ہے جس کے احاطے میں کئی معروف شخصیات دفن ہیں۔
معروف سیاست دان اور میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک موت نے سب کو دکھی کر دیا مگر ان کے حوالے سے جہاں بہت سارے تنازعات سامنے آئے وہیں کچھ اچھی باتیں بھی سامنے آئيں، ان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی، اس وصیت کے پیش نظر یہی خیال ہوگا کہ جو بھی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر دعا کرنے آئے گا وہ یقیناً ان کی مغفرت کے لیے بھی دعا کرے گا۔
اسی طرح معروف فنکار، کامیڈین عمر شریف کو بھی عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا گیا ہے، اہل خانہ کے مطابق عمر شریف نے وصیت کی تھی کہ ان کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے لہٰذا اس پر عمل کیا گیا۔
جمعیت علما اسلام کے سربراہ شاہ احمد نورانی کا شمار ان جید علما میں ہوتا ہے جنہوں نے ساری عمر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عاشق رسولؐ کے طور پر گزاری، اسی لیے انہوں نے سعودی عرب سے ہجرت کرکے کراچی آنے والے عبد اللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن ہونے کی خواہش کا اظہار کیا جس کو ان کے چاہنے والوں نے پورا کیا۔

اسکے علاوہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ ﷲ علیہ بانی پاکستان کی بہن فاطمہ جناح کو انکے بھائی کے اپنے مزار کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا تھا جبکہ ان کی ایک دوسری بہن شیریں جناح عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں دفن ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت کو ممبئی بم دھماکوں میں مطلوب انڈرولڈ ڈان داؤد ابراھیم کی ایک بیٹی بھی حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن ہے۔ یہ تدفین تب کی گئی تھی جب داؤد ابراہیم کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب ہی رہائش پذیر ہوا کرتے تھے۔

Related Articles

Back to top button