عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ طوبیٰ نے طلاق حاصل کر لی

اپنی جوان بیٹی کی ہم عمر اداکارہ سے بیاہ رچانے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی بھی ختم ہو گئی ہے اور ماڈل طوبیٰ انور نے موصوف سے خلع لینے کی تصدیق کر دی ہے۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت پچھلے ایک برس سے اس خبر کی تردید کر رہے تھے کہ ان کے اور طوبیٰ کے مابین علیحدگی ہو چکی ہے، اپنے دعوے کو سچا ثابت کرنے کے لئے وہ اپنی اور طوبیٰ کی پرانی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے تھے۔ لیکن اب سیدہ طوبیٰ انور نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں باقاعدہ تصدیق کر دی ہے کہ انہوں نے 14 ماہ قبل ہی عامر لیاقت سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور اب انکی خلع کا کیس بھی فائنل ہو گیا ہے لہذا اب وہ عامر لیاقت کے نکاح میں نہیں رہیں۔

ماڈل اور اداکارہ نے شوہر سے علیحدگی کا سبب بتائے بغیر بتایا کہ انہیں صلح کی کوئی صورت نظر نہیں آئی، جس کے بعد انہوں نے مجبور ہوکر خلع لی۔ طوبیٰ انور نے میڈیا اور مداحوں سے اپیل کی کہ ان کے مشکل وقت کا بھرم رکھ کر ان کی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جائے۔ طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ مشکل وقت ہے مگر انہیں یقین ہے کہ خدا ہر کسی کے لیے ہمیشہ اچھے ہی فیصلے کرتے ہیں۔ طوبیٰ کی جانب سے عامر لیاقت سے خلع کی تصدیق کی پوسٹس پر کئی شوبز شخصیات، صحافیوں اور مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت نے طوبیٰ سے 2018 میں شادی کی تھی، دونوں کی شادی کا انکشاف تب سامنے آیا تھا جب عامر لیاقت حسین نے انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی میں دوسری اہلیہ کا ذکر کیا۔ خود سے بہت کم عمر اور بیٹی جیسی لڑکی سے شادی کرنے پر انہیں انکے گھر والوں اور عام لوگوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ عامر کی دوسری شادی کے بعد انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ اور جوان بچوں کی ماں سیدہ بشریٰ کو دسمبر 2020 میں طلاق دے دی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے عامر لیاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کیا انڈیا کی طرح پاکستان بھی کرپٹو کرنسی لیگل کر دے گا؟

طوبیٰ انور اور عامر لیاقت حسین کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں گزشتہ برس کے آغاز میں شروع ہوئیں جب انکی تیسری بیوی ہونے کا دعوی کرنے والی ایک ماڈل سامنے آگئی۔ جب عامر لیاقت نے خاتون کے دعوے کی تردید کی تو وہ ان کے پیچھے کراچی تک پہنچ گئی اور ایکسپریس ٹیلی ویژن کے دفتر کے باہر اچھا خاصا ہنگامہ کھرا کر دیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ہانیہ خان نامی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ہیں اور انکے پاس اس دعوے کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ ہانیہ خان نے عامر لیاقت کے ساتھ اپنی چند فرینک ماحول کی تصاویر مارکیٹ کرنے کے علاوہ واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس اور رکن قومی اسمبلی سے ہونے والی کھلی ڈلی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ لیکن عامر لیاقت نے ہانیہ خان سے شادی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ میری ماشااللہ تین، چار، پانچ شادیاں کروا چکے ہیں لیکن میری ایک ہی شادی ہے جو طوبیٰ سے ہے۔

لیکن دوسری جانب طوبیٰ نے عامر لیاقت کے جھوٹ کا یقین نہ کیا اور انہیں چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں۔ اس دوران عامر لیاقت دو مرتبہ ہسپتال بھی داخل ہوئے اور ان کے ایک سابقہ ساتھی نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ آئس نشے کی بری لت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ تاہم عامر لیاقت نے نشہ کرنے اور طوبی سے طلاق ہو جانے کی خبروں کو مسلسل مسترد کیا تھا۔

لیکن اب طوبی نے خود تصدیق کی ہے کہ انہوں نے عدالت کے ذریعے عامر لیاقت سے خلع لے لی ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ خلع کب لی گئی، انہوں نے تصدیق کی کہ ان دونوں کے درمیان 14 ماہ قبل یعنی 2020 کے اختتام پر علیحدگی ہوگئی تھی۔ طوبی اپنی طلاق کے بعد شوبز کیرئیر آگے بڑھاتے ہوئے ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کے علاوہ ماڈلنگ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button