ملک بھر میں 84 واں یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ آج یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل  ہے ۔

یوم پاکستان کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی جبکہ  اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ جاری ہے۔

یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ  پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ اور فوجی دستے سلامی پیش کریں گے۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

یوم پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے  کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کوعبور کر لیں گے، پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ہم کشمیریوں کو ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔ ملک کے معاشی مسائل میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے۔

Related Articles

Back to top button