اداکار شہروز سبزواری اپنی سابقہ بیوی کے گن گانے لگے


معروف اداکار شہروز سبزواری اپنی سابقہ اہلیہ سارہ کے گن گانے لگے ہیں، بیٹی کی تربیت کے حوالے سےسائرہ یوسف کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انکی سابقہ بیوی نے ان کی بیٹی نورے کی بہت اچھی تربیت کی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ نورے اپنی والدہ سائرہ کے ساتھ ہی رہتی ہے اور وہ اس کی بہت اچھی تربیت کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں تو صرف نورے کے ساتھ تھوڑا وقت گزارتا ہوں، انجوائے کرتا ہوں لیکن نورے کی جو اصل تربیت ہورہی ہے وہ سائرہ کر رہی ہے۔ اداکار نے مزید کہا کہ نورے کو ابھی میری باتیں ٹھیک سے سمجھ نہیں آتیں کیونکہ وہ بہت چھوٹی ہے۔ شہروز کا کہنا تھا کہ نورے زیادہ تر وقت اپنی والدہ کے ساتھ ہی گزارتی ہے۔ ویسے بھی ماں، ماں ہوتی ہے، اولاد کی تربیت ماں سے اچھی اور کوئی نہیں کر سکتا ہے اور سائرہ نے نورے کی بہت ہی اچھی تربیت کی ہے۔
اس سے پہلے ایک انٹرویو میں بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے سائرہ یوسف نے کہا تھا کہ بطور والدہ وہ اپنی بیٹی کی بہترین پرورش کرنا اپنی پہلی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ نورے کو زندگی کے تلخ حقائق سے باخبر رکھنے کے لیے درست سمت سفر کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں، طلاق کے اعلان سے قبل شہروز سبزواری کی جانب سے ویڈیو پیغام میں بتایا گیا تھا کہ وہ دونوں 6 ماہ سے باہمی رضا مندی سے علیحدہ رہ رہے ہیں اور انکے درمیان علیحدگی ہوئی ہے، طلاق نہیں ہوئی۔ تاہم اداکارہ سائرہ یوسف نے چند ماہ علیحدگی اختیار کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر باقاعدہ طلاق لینے کا اعلان کر دیا تھا۔ دونوں فریقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں ایک دوسرے سے ازدواجی تعلق کے اختتام کی تصدیق کی گئی۔شہروز سبزواری نے انسٹا گرام پر کہا کہ سائرہ یوسف اور انہوں نے اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔یہ بہت مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم اسکے باوجود اپنی بیٹی کے لیے بہترین والدین بنیں گے تاکہ نورے اپنے حصے کا وہ پیار پائے جس کی وہ حقدار ہے۔ سائرہ یوسف کی جانب سے بھی انسٹاگرام کی پوسٹ میں طلاق کی تصدیق کی گئی تھی جس کے چند ماہ بعد شہروز سبزواری نے ماڈل اور اداکارہ صدف کنول کے ساتھ دوسری شادی رچالی تھی۔

Related Articles

Back to top button