ایتھوپیئن ائیر کی کراچی کیلئے پہلی پرواز، وزیر اعلیٰ سندھ نے استقبال کیا

افریقا میں ائیرلائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیئن ائیر لائنز کی پاکستان کے بڑے شہر کراچی کیلئے 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز نے آج صبح مقررہ وقت پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفد نے اولڈ ٹرمینل پر پرواز کو خوش آمدید کہا، صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے۔
ادیس ابابا سے کراچی کیلئے پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے اسٹیٹ منسٹر سمیت تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران، سفارتکاروں اور تجارتی وفد سمیت 110 مسافر کراچی پہنچے،مہمانوں اور پرواز کا روایتی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تیسری بار یہ سلسلہ لگ بھگ دو دہائی بعد آج 9 مئی سے شروع ہوا ہے۔ ایتھوپیئن ائیر لائن نے لگ بھگ 4 گھنٹے 25 منٹ دورانیہ کی اس پرواز کیلئے برانڈ نیو بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا ہے۔