5ہزار روپے کانوٹ بند؟نگران حکومت نے فیصلہ سنادیا

ملک میں 5ہزارکا نوٹ بند کرنے کی بازگشت ایک بار پھر سنائی دینے لگی۔نگران حکومت نے سینیٹ میں 5ہزار کانوٹ بند کرنے کی تحریک پر کہاکہ ایوان بتائے 5ہزار کے نوٹ کی بندش پر نگران حکومت کام کرے یا معاملہ اگلی حکومت دیکھے؟
تحریک انصاف سے وابستہ سینیٹر محسن عزیز نے اجلاس میں افراط زر کا باعث بننے والے 5 ہزار کے نوٹ کو ختم کرنے کیلئے تحریک ایوان میں پیش کی۔
تحریک میں کہا گیا کہ پانچ ہزار کا نوٹ رشوت کے کام آتا ہے، لوگ ٹیکس سے بچنے کے لئے 5 ہزار کے نوٹ اپنے پاس کیش رکھتے ہیں، مارکیٹ میں 5 ہزار کے نقلی نوٹ بھی نکل آئے ہیں۔پانچ ہزار کا نوٹ افراط زر اور مہنگائی کا باعث بن رہا ہے، اسٹیٹ بینک اس نوٹ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔پانچ ہزار کا نوٹ رشوت، منی لانڈرنگ اور سمگلنگ میں استعمال ہوتا ہے لہذا میری تجویز تھی کہ اسے ختم کرنے کے لئے کچھ وقت دیا جائے۔
سینیٹر محسن عزیز کے جواب میں نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کاکہنا تھاکہ 5 ہزار کا نوٹ 27 مئی 2006 میں جاری ہوا۔ 4 ہزار 5 سو ارب روپے کی مالیت کے نوٹ ملک میں موجود ہیں۔اب ایوان بتائے اگلی حکومت اس پر کام کرے یا نگراں حکومت دیکھے؟ معاملہ کافی پرانا ہے تو نگراں حکومت کے بجائےنئی حکومت اس معاملے کو دیکھے گی۔جس کے بعد چئیرمین سینیٹ نے اس ایجنڈے کو ڈسپوز آف کردیا۔