ایتھوپیئن ائیرلائنز کاکراچی کیلئے براہ راست سروس کا آغاز

افریقہ میں ائیرلائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیا ائیر لائنز نے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا، 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز منگل کی صبح کراچی پہنچے گی۔

ایتھوپیا نے کراچی کیلئے پہلی بار جولائی 1966 میں براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا، جو دسمبر 1971 تک جاری رہا جس کے بعد جون 1993 سے جولائی 2004 تک سروس دوبارہ جاری رہی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تیسری بار یہ سلسلہ لگ بھگ دو دہائی بعد آج 8 مئی سے شروع ہورہا ہے، ایتھوپین ائیر لائن کی کراچی کیلئے پہلی براہ راست پرواز ای ٹی 694 ادیس ابابا سے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگئی جو 9 مئی کی صبح 5 بج کر 5 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔

کراچی سے ادیس ابابا کیلئے پہلی پرواز ای ٹی 695 صبح 5 بج کر 55 منٹ پر شیڈول ہے، ایتھوپین ائیر لائن کی عدیس ابابا سے کراچی کیلئے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

ایتھوپیئن ائیرلائنز گروپ کے سی ای او مسٹر میسفن تسیو کا کہنا ہے کہ ہم آخری بار خدمات انجام دینے کے تقریباً دو دہائیوں کے بعد کراچی واپس آنے کیلئے پرجوش ہیں، پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کے طور پر کراچی پاکستان اور وسیع تر جنوبی ایشیا کے خطے کیلئے ایک اہم گیٹ وے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افریقہ سے ملانے والی واحد پرواز کے طور پر کراچی کیلئے منصوبہ بند سروس دونوں خطوں کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، یہ افریقہ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی آسان ہوائی رابطہ فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایشیا میں ایتھوپیئن ایئر لائنز کی 37 ویں منزل ہوگی، اس سے قبل ایتھوپیا ایئر لائن 145 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مسافر اور کارگو پروازیں آپریٹ کر رہا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button