کےپی او حملے کے شہدا کی تعداد 5 ہوگئی، مقدمہ درج

کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی جب کہ واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیاگیا ہے۔
17 فروری کو پولیس، رینجرز اور فوج کے اہلکاروں کی جانب سے کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے مشترکہ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور 3 قانون نافذ کرنے والے اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگئے تھے جب کہ حملے کے دوران 18 افراد زخمی ہوئے بھی جن میں زیادہ تر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تھے،دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والا سیکیورٹی ڈویژن میں تعینات عبدالطیف دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، اہلکار کا تعلق سیکیورٹی-ون سے تھا۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی تھانے میں حملے کا مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمہ کراچی صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیاگیا، آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق شام 7 بج کر 15منٹ پر وائرلیس کے ذریعے حملہ کی اطلاع ملی، 7 بج کر20منٹ پر جائے وقوع پر پہنچی اور نفری طلب کی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ترتیب دیاگیا، حملےمیں 3 دہشت گرد ملوث ہیں۔
متن کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے 3 منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا، ایک دہشت گردچوتھی منزل پر جوابی کارروائی میں مارا گیا، تیسرا دہشت گرد چھت پر جوابی کارروائی میں مارا گیا، جوابی کارروائی میں مارے گئے دونوں دہشت گردوں نے خود کش جیکٹ پہنی ہوئی تھی، تیسرے دہشت گرد کے اعضا ملے، مقدمہ الزام نمبر20، اٹھارہ فروری کو شام 4 بج کر تیس منٹ پر درج کیاگیا، حملے میں رینجرز اور پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوئے، حملے میں 18افراد زخمی ہوئے، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دہشت گرد صدر پولیس لائن کے قریب بنے فیملی کوارٹر کی عقبی دیوار پرلگی تار کو کاٹ کر داخل ہوئے، تین دہشت گرد گاڑی میں سوار ہوکر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیاہے، کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2دہشت گرد موٹرسائیکل پر بھی آئے تھے، موٹرسائیکل پر آنے والے 2دہشت گرد تینوں دہشت گردوں سے گلے ملکر فرار ہوگئے تھے، موٹرسائیکل پر آنے والے دہشتگردوں نے کار سوار دہشت گردوں کو کے پی او کی نشاندہی کی تھی، دہشت گردوں سے 5گرینیڈ اور دو خودکش جیکٹ ملی جنھیں ناکارہ بنایاگیا، مقدمے میں دھماکا خیز مواد 3 اور چار کی دفعہ بھی شامل کی گئی۔
ادھرحملہ آوروں میں سے دو کی شناخت ہو گئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں۔