صحافی بن کر دو بار امریکی ویزہ لینے والا شخص گرفتار

امریکی قونصل خانے کی شکایت پر ایف آئی اے نے خود کو صحافی ظاہر کر کے امریکہ کا ویزہ حاصل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا، گرفتار شخص نے خود کو نجی ٹی وی چینل کا رپورٹر ظاہر کر کے نہ صرف امریکہ کا ویزہ حاصل کیا بلکہ اقوام متحدہ کا اجلاس بھی کور کیا۔

ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے مطابق امریکی قونصل خانے کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اعجاز چیمہ ولد غلام رسول چیمہ نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، امریکی قونصل خانے نے بذریعہ خط ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون کو ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شخص نے دو مرتبہ نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر امریکی ویزہ حاصل کیا، ملزم اعجاز چیمہ جو سیالکوٹ کا رہائشی ہے، کو ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی سے گرفتار کیا۔ اعجاز چیمہ نے 2019 میں حاصل کردہ ویزے پر بطور سینیئر رپورٹر اقوام متحدہ کے اجلاس کی کوریج بھی کی، ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے مزید بتایا کہ ملزم نے 2020 میں اسی ٹی وی چینل کا سینیئر نمائندہ بن کر دوسری بار ویزہ حاصل کیا تھا۔

کیا مریم نواز ایون فیلڈ کیس میں بری ہونے والی ہیں؟

امریکی قونصل خانے کی تحقیقات میں نجی ٹی وی انتظامیہ نے ملزم کے پیش کردہ خطوط سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد امریکی قونصل خانے نے بذریعہ خط ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی تھی۔‘

دوسری جانب کراچی پریس کلب کے سیکریٹری محمد رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ ’سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شخص کو ویزا جاری کرنے کا عمل امریکی قونصل خانے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ صحافی کے نام پر جمع کرائے گئے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کے بغیر ویزے کا اجراء کیسے ممکن ہے۔ کراچی پریس کلب صحافیوں کو ویزے کے اجراء کے لیے لیٹر جاری کرتا ہے۔

محمد رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ ’کافی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ کاغذات مکمل ہونے اور کراچی پریس کلب کا تصدیقی خط منسلک ہونے کے باوجود حقیقی صحافیوں کو پروفیشنل ذمہ داریوں کی ادائیگی تک کے لیے ویزے جاری نہیں کیے جاتے جب کہ اس کیس میں ایک فرد نے صحافت کے نام پر ایک نہیں بلکہ دو دفعہ ویزا حاصل کیا۔

Related Articles

Back to top button