پی ٹی آئی منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز پر فیصلہ کل سنایا جائیگا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی جانب سےاپنے25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف دائر نااہلی کے ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، جو کل 12 بجے سنایاجائے گا۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی جانب سے بھیجے ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پی پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کی تشہیر کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دونوں فریقین کے دلائل سنے، منحرف ارکان نے کہا کہ انہیں یہ نہیں کہا گیا کہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دینا۔ جس پر وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اسد عمر نے بطور پارٹی سیکریٹری جنرل تمام ارکان کو خط لکھ کر آگاہ کیا، منحرف اراکین نجی ہوٹل میں اکٹھے ہوتے رہے، 7 اپریل کو ارکان کو دوبارہ شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

پی ٹی آئی نے دستاویزات کورئیر کرنے کا اوریجنل ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔

عبدالعلیم خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے نئی دستاویزات جمع کرانے پر اعتراض کیا۔ ممبر نثار درانی نے استفسار کیا اس موقع پر نیا ریکارڈ جمع کرانے کی کیا ضرورت ہے؟ جس پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ پہلے فوٹو کاپیز تھیں اب اصل ریکارڈ جمع کرا رہے ہیں۔

دالائل میں وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ 16 اپریل کو تمام منحرف ارکان نے وزیراعلیٰ کیلئے حمزہ شہباز کو ووٹ کاسٹ کیا، پی ٹی آئی منحرف ارکان کے ووٹ سے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے، 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس سے اسمبلی کا وقار کم ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی رکن نے ووٹ کاسٹ کرنے سے انکار نہیں کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن میں دلائل مکمل ہوگئے،جس کے بعدالیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل 12 بجے سنایا جائےگا۔

Related Articles

Back to top button