پنجاب ، خیبر پختونخوا میں‌ ایک ریٹ پر آٹا فروخت ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپی کے کو پنجاب کے ریٹ پر آٹا فراہم کیا جائے گا، پنجاب میں آٹے کی قیمت کم کرنے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ‌سے درخواست کرتا ہوں‌ کہ اُسی قیمت پر آپ لوگوں‌ کو بھی آٹا فراہم کیا جائے۔
بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تب ترقی کرے گا جب صرف پنجاب نہیں سارے صوبے ترقی کریں گے، اس قیمت پر آٹا فراہم نہ کیا تو پنجاب پیسہ فراہم کرے گا، وزیراعظم نے پاکستان اور دوسرے مسائل کے حل کے لیے دو ارب روپے کی گرانٹ اور بشام کے لیے میڈیکل کالج کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق سابق حکومت نے قرضے لینے اور نواز شریف کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ آج وہ جلسے کر رہے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ ان کے دور میں مہنگائی کیوں ہوئی؟
شہباز شریف کے مطابق خیبرپختونخوا کی تاریخ عظیم قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ’کے پی میں نواز شریف کے شیر رہتے ہیں، 10 سال تک وہ خادم پنجاب رہے لیکن اس کے بعد چار سال صوبے کا برا حال رہا، آج میں خادم پاکستان ہوں، میں آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے جان لڑا دوں گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پچھلی حکومت نے چار سالوں میں 24 ہزار ارب کے قرضے لیے اور ایک اینٹ نہیں لگائی۔شہباز شریف نے پشاور کی بی آر ٹی بس سروس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کبھی وہ چلتی رہی اور کبھی جلتی رہی، منصوبہ بے انتہا تاخیر کا شکار ہوا اور اس میں بے انتہا کرپشن ہوئی۔ ’ہم نے گیارہ گیارہ مہینے میں میٹرو بسیں چلا کر دکھائی ہیں، خیبرپختونخوا کے وزیراعلٰی سے اپیل کی کہ ادویات اور علاج مفت کر دیں۔
جلسے کے دوران انہوں نے حاضرین سے پوچھا کہ 10 کلو کا آٹے تھیلا کتنے میں مل رہا ہے جس پر حاضرین کی جانب سے مختلف قیمتیں بتائی گئیں تو شہباز شریف نے کہا کہ سن لو جو قیمت کل اور پرسوں پنجاب میں ہو گی، وہی قیمت یہاں بھی ہو گی۔
انھوں نے شرکا سے وعدہ کیا کہ وہ ان سے کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے اور ان کی سہولت کے انتھک کام کریں گے۔
آج کے بعد شہباز شریف جاگے گا اور آپ آرام سے سوئیں گے، سعودی ولی عہد پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران خصوصی طور پر سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے وہاں کا دورہ کیا تو ولی عہد محمد بن سلمان بہت تپاک سے ملے۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور اس کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف نے تقریر کرتے ہوئے ابوظبی کے دورے کا تذکرہ بھی کیا اور کہا وہ جب ابوظبی کے ولی عہد سے ملے تو انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے بے پناہ محبت اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔

Related Articles

Back to top button