عوام کے عدم اعتماد کا وقت آ گیا

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی طرف سے عدم اعتماد کے اظہار کا وقت آ گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال میں ثابت ہوا کہ حکومت کے پاس صرف مہنگائی اور کرپشن پلان ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف تو نہیں مل سکا، صرف تکلیف در تکلیف کا سلسلہ جاری ہے، عمران نیازی مہنگائی سے عوام کی زندگیاں چھیننے کے بجائے مستعفی ہوجائیں۔

عمران کے اقتدار کا خاتمہ اب چند دنوں کا کھیل ہے؟

شہباز شریف کے مطابق یہ حکومت صرف مہنگائی کی تبدیلی لائی، ہر روز اشیا کی قیمت تبدیل ہو جاتی ہیں، غریب دشمن حکومت ہر روز مہنگائی کا حکم جاری کرتی ہے، عمران نیازی ہر روز مہنگائی کی بجلی عوام پر گراتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کے مطابق بجلی کے بعد اب پٹرول بم گرانے کی تیاری ہے، ایسی نکمی اور نااہل ترین، کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہی عوام کے ریلیف کا واحد ذریعہ ہے، اب عوام کی طرف سے ان پر عدم اعتماد کا حکم جاری کرنے کا وقت آگیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عوام کو اس ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے۔

Related Articles

Back to top button