عمران پاکستان کے ساتھ کون سا کھلواڑ کر رہا ہے؟

سینئر سیاسی تجزیہ کار حفیظ اللّہ نیازی کہتے ہیں کہ پے درپے ناکامیاں  اور غلط سیاسی فیصلے عمران خان کی نالائقی کا منہ چڑا رہے ہیں فرسٹریشن میں وہ اب کسی بڑے حادثے کے متمنی ہیں۔ عمران خان کو اگر فوری الیکشن نہ ملے تو آنے والے ملکی حالات موافق رہیں گے، بالفرض محال فوری الیکشن مل گئے تو مملکت عمران خان کے رحم و کرم پر ہوگی اور ریاست کا حشر مشرقی پاکستان جیسا ہوگا۔

اپنے تازہ سیاسی تجزئے میں حفیظ اللّہ نیازی کہتے ہیں کہ مقبولیت کے باوجود عمران خان کی بے بسی اور بے چارگی کی وجوہات اُن کے اپنے اندر کی بدنیتی کا شاخسانہ ہے، پچھلے ایک سال میں عسکری قیادت پر دھواں دھار یلغار ،قومی اسمبلی سے استعفے، دو ناکام لانگ مارچ، آرمی چیف کی تعیناتی رُکوانے میں ناکامی، دو صوبوں پر اپنی ہی حکومت پر کلہاڑا مارنا، ایسے سارے سیاسی فیصلے عمران خان کی نالائقی کا منہ چڑا رہے ہیں، ان کی فرسٹریشن لب لباب ہو چکی ہے اور اب موصوف کسی بڑے حادثے کے متمنی ہیں۔

حفیظ اللّہ نیازی کے مطابق بے شک وطن عزیز کے گرد دشمن کا گھیرا تنگ ہو چکا ہے، ہمارا وطن دہائیوں سے سازشوں کے شکار ہے، اس کے لئے اکیسویں صدی کا آغاز بھیانک تھا اور  پہلی ہی دہائی نے اس کی چولیں ہلا دیں۔ دہشت گردی اور امریکی ڈرون حملوں نے گھروں کے گھر اُجاڑدئیے پاکستان کُرہ ارض کا خطرناک ترین ملک قرار پایا، ایسی جنگ جس کا ہم سے واسطہ نہ تعلق تھا ہم پر مسلط کر دی گئی ۔ حفیظ اللّہ نیازی کہتے ہیں کہ کڑیاں ملانے کے لیے سرسری جائزہ لیں تو افغانستان ، شام ، لیبیا، ساؤتھ چائنا سمندر وغیرہ میں امریکی مصروفیات سے پاکستان کو سُکھ کا سانس لینے کا موقع ملا۔ پہلی فرصت میں ریمنڈ ڈیوس اور سلالہ چوکی پر امریکی حملے کے فوراً بعد ہزاروں سی آئی اے اہلکاروں کو چُن چُن کر نکالا گیا  ۔امریکی فوجی کنٹریکٹر بلیک واٹر وغیرہ کو چلتا کیا گیا۔

یوں تو 21 ویں صدی کے آغاز ہی سے پاکستان اور چین نے اندرون خانہ آنے والے دنوں میں ہی ایسے منصوبے کے خدوخال پر کام کرنا شروع کر دیا تھا۔2012 میں موقع ملتے ہی عملی جامہ پہنانے کی ٹھانی۔مت بھولیں کہ وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز گوادر پورٹ سنگاپور کے حوالے کر کے چین کے راستے مسدود کر چکاتھا ۔پیپلز پارٹی دور حکومت کے آخر ی سال صدر زرداری نے کمالِ جُرات کے ساتھ نہ صرف گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی کا انتظام چین کو منتقل کیا۔یہ معمہ ہی ہے کہ زرداری حکومت نے گوادر بندرگاہ کو سنگاپو ر سے واگزار کیسے کروایا؟ نوازشریف حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی منصوبے کو تیزی سے عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ۔ سی پیک کے چار سو ڈنکے بج گئے۔امریکہ پاکستان کے تعلقات پُر اسراریت سے بھر پُور رھے ہیں ، آغاز ہی سے امریکہ نے ا شیائے خورونوش سے لےکر پاکستانی افواج کو مسلح کرنے کی امداد میں جہاں فراخدلی دکھائی وہاں پاکستان میں عدم استحکام، لاقانونیت، حکومتوں کے جوڑ توڑ کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے۔

حفیظ اللّہ نیازی کے مطابق 2015 سے لیکر 2018 تک بالواسطہ ، بلاواسطہ کالموں میں لکھا ، ہر فورم پر معاملہ اُٹھایا کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنا ہے۔م یہ ممکنہ بام عروج کی غیر معمولی اور آخری کوشش و اُمیدہے۔ اِس کو پایۂ تکمیل تک پہنچاناقومی سلامتی کی اشد ضرورت اور اولین ملکی مفاد ہے۔پاکستان کے لیے تین رہنما اُصول سیاسی استحکام ، خوشحالی ، قانون کی حکمرانی چین کی ذاتی ضرورت تھے اور ہیں۔دوسری طرف عدم استحکام ، بد حالی اور لاقانونیت امریکی وارے میں تھی۔ سی پیک کی تکمیل امریکہ کیلئے سوہانِ روح ھے اور اس نے اسے ہر صورت میں بند کروانا تھاجب کہ سی پیک منصوبہ کی ناکامی چین کیلئے ناقابل قبول اور ناقابل تلافی نقصان تھی۔ آبنائے ہرمز تک اہم تزویراتی اور اقتصادی رسائی چین کی پالیسی کا جزو لاینفک ہے۔

چین نے پاکستان میں سینکڑوں ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنا تھی ۔ چند سال میں 12000 میگا واٹ بجلی کے کارخانے چل پڑے، سڑکوں کا جال بچھ گیا ۔ چینی سفیر نے کئی دفعہ بالمشافہ بتایا کہ 2020 تک ہم ایک ملین بیرل تیل براستہ گوادر چین لے جانے میں کامیاب ہوئےتوپاکستان کو صرف ٹول ٹیکسوں کی مد میں 11 سے 13 ارب ڈالر کی سالانہ آمدنی ہو گی ۔ اس کے علاوہ بے شمارکاروباری و سرمایہ کاری اور دیگر منصوبوں کا لامتناہی سلسلہ منسلک تھا ۔جیسے ہی CPEC منصوبہ ٹھپ ہوا چین نے ایران کی چاہ بہار بندرگاہ تک رسائی اور اقتصادی منصوبوں پر ساڑھے چار ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا معاہدہ کر ڈالا ۔ دراصل ہمارے پروجیکٹس ہی ایران منتقل ہوئے۔

حفیظ اللّہ نیازی کہتے ہیں کہ 2018 میں جب عمران خان کو مسند اقتدار پر بٹھایا گیا تو سی پیک منصوبے کا بند ہونادیوار پر نقش تھا۔ پاکستان کی بد نصیبی اور بدبختی کا ایک بار پھر آغاز یہیں سے ہوا۔2014 میں جب سی پیک منصوبےپر کام کا آغاز ہوا توہماری اسٹیبلشمنٹ’’ سیاست نہیں ریاست‘‘ بچانے کا عظیم الشان منصوبہ لے کر کود پڑی ۔’’سیاست نہیں ریاست‘‘پروجیکٹ نے ہی نے تو سی پیک کو نگل لیا۔

اِس عمل میں جنرل راحیل اور جنرل باجوہ دونوں شریک تھے ۔ 2018 میں عمران خان کی حکومت قائم ہوئی تو سی پیک کا دھڑن تختہ ہو چکا تھا۔ آج سی پیک ابدی نیند سو چکا ہے جب کہ وطن عزیز مکمل طورپر امریکی رحم و کرم پر ہے۔ نواز شریف حکومت پر جنرل راحیل ،جنرل باجوہ ، ثاقب نثار ، کھوسہ ،عمران خان کی باجماعت یلغار دراصل پاکستان پر یلغار ثابت ہوئی۔

حفیظ اللّہ نیازی کے مطابق کوئی شبہ نہیں کہ IMF، ورلڈبینک ،  ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک مع سارے کلب و خلیجی ممالک باجماعت واشنگٹن کی مرضی کے بغیر چند لاکھ ڈالر دینے کی جرأت نہیں رکھتے۔ عمران خان حکومت کو اِسی مد میں IMF سمیت خلیجی ممالک نے قرضے دئیے۔ عمران خان نے حکومت جاتے دیکھی تو IMF معاہدہ منسوخ کیا اور پیٹرول سستا کر دیا۔عمران خان کوپورا ادراک تھا کہ پاکستان کی بربادی کا عمل تیز رہے گا۔آج عمران خان نےعوام الناس کے بڑے حصے کو اپنے جھانسے میں لےکراپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔

آج پاکستان جس ’’کھائی‘‘میں گِر چکا ہے ، بظاہر اُس سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔راستے دو ہی ہیں ۔۔۔ IMF  یا   نو  آئی ایم ایف ۔ حفیظ کے مطابق امریکہ نے اگر IMF کو اجازت دے دی اور ہم نے اسکی شرائط مان لیں تو یہاں طوفان کھڑا ہو جائے گا ۔ عوام الناس ایک دوسرے کی بوٹیاں نوچنے کو ترسیں گے جب کہ سیاسی انتشارسونے پر سہاگہ ہو گا۔IMF کے ساتھ اگر معاملہ طے نہ ہوا توجو کچھ IMF قرضے کی منظوری پر متوقع ھے ، اس سے بھی چار گنا زیادہ ھو گا  یعنی مملکت مکمل انارکی کی گرفت میں آجائے گی ۔قرضہ لیتے ہیں تو مرتے ہیں ، نہیں لیتے تو مرتے ہیں ۔

حفیظ اللّہ نیازی اپنے تجزیے میں کہتے ہیں کہ عمران خان کو اگر فوری الیکشن نہ ملے تو آنے والے حالات موافق رہیں گے ۔ لیکن  بالفرض محال  انہیں فوری الیکشن مل گئے تو مملکت عمران خان کے رحم و کرم پر ھو گی  اور پھر ریاست کا حشر مشرقی پاکستان جیسا ہوگا۔ ہر دو صورتوں میں اسٹیبلشمنٹ کی پچھاڑ ھو گی  یہ دونوں صورتیں پاکستان ہر بھاری پڑیں گی

باجوہ لیکس میں گرفتار ایف بی آئی اہلکاروں کی ضمانتیں

Related Articles

Back to top button