ارشد خان چائے والا لندن میں کیفے کھولنے کیلئے تیار


اکتوبر 2016 میں اپنی نیلی آنکھوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر راتوں رات مشہور ہونے والے ارشد چائے والا اسلام آباد میں کیفے کھولنے کے بعد اب لندن میں بھی اپنی آوٹ لیٹ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
ارشد خان المعروف ‘چائے والا‘ نے گزشتہ برس اسلام آباد میں اپنا کیفے قائم کیا تھا جس کا نام انہوں نے کیفے چائے والا رکھا تھا۔ پاکستان میں اپنے کیفے کی تین کامیاب برانچز کھولنے کے بعد ارشد خان اب بیرون ملک کاروبار شروع کرنے کےلیے تیار ہیں۔ ارشد خان کا برطانیہ کے شہر لندن میں کیفے رواں برس کے اواخر میں کھلے گا۔ فیس بک پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں ارشد نے لکھا کہ ‘طاقت اور ترقی صرف مسلسل کوشش سے حاصل ہوتی ہے’۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان شااللہ رواں برس کے اواخر میں لندن میں ان کا پہلا کیفے کھلے گا۔
اسلام آباد میں پہلی برانچ کھولنے کے بعد ان کے کیفے کی دوسری برانچ جنوری 2021 میں کراؤن جیول مری میں کھولی گئی جب کہ تیسری برانچ گلبرگ گرینز میں ویلکم سینٹر میں کھولی گئی۔ اب وہ لندن میں بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کررہے ہیں جہاں انکا چوتھا اور پہلا انٹرنینشل آؤٹ لیٹ ‘کیفے چائے والا ارشد خان ‘ کے نام سے کھلے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے برطانیہ میں 10 آؤٹ لیٹس کھولنے کےلیے ماسٹر فرنچائز ایگریمنٹ کیا ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم 2 کاروباری شخصیات کے اشتراک سے اپنا کیفے کھولیں گے۔
یاد رہے کہ 5 برس اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر نے ایک چائے والے کی قسمت بدل دی تھی۔ ارشد خان المعروف چائے والا کی تصویر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر جویریہ علی نے اکتوبر 2016 میں شیئر کی تھی جس نے وائرل ہوتے ہی ان کی قسمت بدل دی تھی۔ اس وقت فوٹوگرافر نے بتایا تھا کہ ‘میں نے اتنے وجیہ نوجوان کا خیال بھی نہیں کیا تھا، یہ واقعی سرپرائز کردینے والا تھا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اتوار بازار میں ایک فوٹو واک کے دوران تصویر لی اور اسے انسٹاگرام میں ایک عام پوسٹ کے طور پر اپ لوڈ کردیا جو اس وقت تو وائرل نہیں ہوئی تاہم چار یا پانچ دن بعد اچانک وائرل ہوگئی’۔ اس وقت ارشد خان کی عمر 18 سال تھی، جو اصل میں کوہاٹ سے تعلق رکھتے تھے اور تصویر لیے جانے کے وقت وہ اسلام آباد کے اتوار بازار میں 3 ماہ سے چائے بنانے کا کام کررہے تھے۔ اپنی پہلی تصویر کے حوالے سے ارشد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ یہ کس نے لی تھی لیکن جب میڈیا ان تک پہنچا تھا تو وہ کافی گھبرا گئے تھے اور ان کے ماموں بھی یہ سب دیکھ کر کافی پریشان ہوگئے تھے کہ آخر میڈیا ان کے پیچھے کیوں پڑ گیا ہے۔جس کے بعد وہ ماڈل بن گئے تھے اور بعد ازاں اداکاری میں بھی قسمت آزمائی کی تھی، پھر 2017 کے شروع میں یہ افواہیں پھیل گئی تھیں کہ ارشد خان اپنے اداکاری کے کیریئر کو چھوڑ کر واپس چائے کے اسٹال پر جارہے ہیں، جس کی وجہ ان کے خاندان کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں ہیں، ان قیاس آرائیوں کا آغاز اُس وقت ہوا تھا جب ارشد خان کی گلوکارہ مسکان جے کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو ریلیز ہوئی تھی۔ رپورٹس تھیں کہ ارشد خان کے گھر والوں کو گلوکارہ کے ساتھ بنائی گئی ان کی یہ ویڈیو بالکل پسند نہیں آئی اور انہوں نے ارشد کے شوبز کیریئر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ایک انٹرویو میں ارشد خان نے بتایا تھا کہ یہ خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ بعدازاں 2019 میں انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا تھا وہ ایک بار پھر لوگوں کےلیے چائے بنانے کا کام کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے کیرئیر کے باوجود چائے فروخت کرنے واپس آئے ہیں اور وہ اس کام کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

Related Articles

Back to top button