گلگت بلتستان میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ کیوں؟

https://www.youtube.com/watch?v=GNz3ROaKFDc

پاکستان کے چین سے ملحقہ علاقے گلگت بلتستان میں خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2021 اور 2022 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں خودکشی کے 225 واقعات میں سے 132 صرف ضلع غذر میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

فواد چودھری کو حنا ربانی کھر پر تنقید مہنگی کیسے پڑی؟

خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد اب گلگت بلتستان کی حکومت نے نفسیاتی مسائل اور غربت کا شکار گھرانوں کے لیے کونسلنگ کے ہنگامی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گلگت بلتستان کے محکمۂ صحت کے ساتھ تعاون کرنے والے غیر سرکاری ادارے امیون کمیون ریسرچ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر عنایت بیگ نے بتایا کہ یہ منصوبہ علاقے میں خود کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

عنایت بیگ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان بالخصوص ضلع غذر میں خودکشی کے حیران کن اعداد وشمار سامنے آئے ہیں۔ اسی بنیاد پر ان کے ادارے نے محکمۂ صحت اور ضلع غذر کے نوجوانوں کی تنظیم کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر گھر گھر جا کر لوگوں میں آگاہی کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاقے کے مقامی صحافی صحافی رجب قمر نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 2022-2021 کے دوران 226 افراد نے خودکشی کی جن میں 116 مرد اور 110 خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ خودکشیاں یعنی 135 ضلع غذر میں ریکارڈ کی گئیں۔ ضلع گلگت میں 46، ہنزہ میں 26، نگر میں دو، دیامر میں چھ، استور میں 5، گانچھے میں 2، شگر میں 6 اور ھرمنگ میں خود کشی کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔ عنایت بیگ نے بتایا کہ گزشتہ 40 روز کے دوران مختلف علاقوں میں خودکشی کے 16 واقعات ہوئے ہیں اور خودکشی کرنے والوں کی عمریں 15 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔

پشاور میں بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رکن عمران ٹھکر نے بتایا کہ 2016 میں ملک بھر میں خودکشی کے 123 واقعات میں گلگت بلتستان میں صرف 12 واقعات ہوئے تھے جو 2017 میں بڑھ کر 25 ہو گئے۔ جب کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں 2020 میں خود کشی کے 74 واقعات رپورٹ ہوئے۔

تازہ ترین واقعے میں 13 جون کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بی ایس کے طالبِ علم محمد ظاہر نے اپنی موٹرسائیکل کو ذوالفقار آباد پل پر پارک کر کے خود دریا میں چھلانگ لگا دی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ رواں ماہ جون کے دوران ہونے والے واقعات میں ضلع غذر کے گائوں پونیال میں جماعت نہم کی طالبہ نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ ضلع نگر کے گاؤں غلمت سے تعلق رکھنے والے سجاد حسین نامی نوجوان نے راکا پوشی ویو پوائنٹ پُل سے نالے میں کود کر جان دے دی ۔ ضلع ہنزہ کے علاقے شناکی مایو سے تعلق رکھنے والے شاہد عباس برچہ نامی نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے صحافی فہیم اختر کا کہنا ہے کہ بہت سے دور راز دیہات میں والدین یا دیگر قریبی رشتہ دار خود کشی کے واقعات کو چھپانے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

ماہرین خودکشی کے واقعات کی وجہ مختلف عوامل کو قرار دیتے ہیں۔ گلگت بلتستان اسمبلی کی سابق خاتون رکن رانی عتیقہ نے بتایا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت گلگت بلتستان میں شرح تعلیم بہت زیادہ ہے مگر یہاں غربت اور بے روزگاری بھی بہت زیادہ ہے۔ مردوں کی نسبت خواتین زیادہ تعلیم یافتہ ہیں۔ انکے بقول زیادہ تعلیم یافتہ لڑکیوں میں احساسِ محرومی تب پیدا ہوتا ہے جب ان کی شادیاں ان سے کم تعلیم یافتہ لڑکوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ عنایت بیگ اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی حکومت یا حکومتی ادارے نے گلگت بلتستان کے لوگوں میں بڑھتے ہوئے احساس محرومی پر قابو پانے کے لیے کوئی حکمتِ عملی مرتب نہیں کی۔ اسی طرح اس خطے کے تعلیم یافتہ مرد و خواتین کو ملک کے دیگر علاقوں میں کام کرنے کے مواقع فراہم نہیں کیے گئے۔

نفسیاتی ماہرین کے مطابق علاقے کی پسماندگی اور جغرافیائی محل وقوع کے باعث یہاں کے لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں احساس محرومی اور ڈپریشن دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جب کہ لوگوں کی ضروریات زندگی پوری نہیں ہو رہیں۔ اُن کے بقول گھریلو تشدد کے واقعات میں مرنے والی خواتین کو بھی خود کشی کا رنگ دیا جاتا ہے۔ حکومت یا حکومتی اداروں کی جانب سے کسی قسم کے عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس رجحان کو روکے جب کہ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ لڑکے اور لڑکیوں میں فرق نہ سمجھیں اور دونوں کو مساوی مواقع دیں۔

پشاور کے ماہر نفسیات ڈاکٹر افتخار حسین کا کہنا ہے کہ خودکشیوں کی وجوہات میں نفسیاتی بیماریوں کا بھی بہت عمل دخل ہوتا ہے۔ مختلف معاشی، معاشرتی اور صحت کے مسائل سے دوچار لوگ وقت کے ساتھ ساتھ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں اور اُنہیں خود کشی ہی واحد حل نظر آتی ہے۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قانون سید سہیل عباس نے خودکشیوں کی اس لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ اسمبلی نے اس معاملے میں کمیٹی قائم کی تھی۔ اُن کے بقول "ہم نے کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات طلب کر لی ہیں ان سفارشات کو دیکھیں گے اور ان کو مدِنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائیں گے۔ خودکشی کے کیسز میں غیرت کے نام پر قتل کے معاملات بھی ہوتے رہے ہیں جس کے لیے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی خودکشی کے کیس میں پوسٹ مارٹم لازمی کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل کیسز سامنے آرہے ہیں جس کی بنیاد پر کوئی ایک رائے قائم نہیں کی جاسکتی ہے، حکومت ہر زاویے سے ان معاملات کو دیکھے گی اور ہنگامی اقدامات اٹھائے گی۔

Related Articles

Back to top button