اداکارعلی خان بالی ووڈ کنگ شاہ رخ سے کیوں متاثر ہوئے؟


معروف نعت خواں جنید جمشید کے کزن، بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور لالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے معروف اداکار علی خان نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، لیکن بھارتی کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا سب سے زیادہ مزہ آیا، وجہ یہ ہے کہ وہ بہت ہی سادہ اور اچھی شخصیت کے حامل ہیں۔
یاد رہے کہ علی خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2011 میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم ’ڈان 2‘ میں کام کیا تھا، اس سے قبل وہ چند بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کر چکے تھے، علی خان نے بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کے ہمراہ بھی کام کیا جبکہ وہ ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی اور جولی والٹرز کے ساتھ بھی جوہر دکھا چکے ہیں۔ علی خان نے 2007 کی ہالی ووڈ فلم’اے مائٹی ہارٹ‘ میں انجلینا جولی اور عرفان خان کے ساتھ بھی اداکاری کی تھی، حال ہی میں وہ فیصل قریشی کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے دوسرے ملکوں کے اداکاروں کے ساتھ کام کے تجربات سے آگاہ کیا۔
معروف اداکار نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ انہوں نے ہالی ووڈ سٹار براڈ پٹ کے ساتھ کام نہیں کیا بلکہ وہ ان کی ایک فلم کے پروڈیوسر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ براڈ پٹ کیساتھ ان کا ممبئی کے تاج ہوٹل میں سخت جھگڑا بھی ہو گیا تھا، اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ براڈ پٹ کے ساتھ ان کا جھگڑا کس بات پر ہوا تھا، تاہم انہوں نے امریکی اداکار کی تعریفیں بھی کیں۔
علی خان نے شاہ رخ خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ہم مذہب، ہم زبان اور ہم نسل ہیں، اس لیے انہیں انکے ساتھ کام میں زیادہ مزہ آیا، انہوں نے بتایا کہ جب وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ’ڈان ٹو‘ میں کام کر رہے تھے، تو نہیں معلوم پڑا کہ شاہ رخ خان ایک اچھے اداکار ہونے کے ساتھ اچھے انسان بھی ہیں۔ علی خان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ دلی کے لڑکے ہیں، نوجوان دل رکھتے ہیں، ان میں کسی طرح کا کوئی غرور نہیں، وہ عام سے بندے ہیں اور ہر کسی کے ساتھ گھُل مِل جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ علی خان کراچی میں پیدا ہوئے، تاہم کم عمری میں ہی وہ برطانیہ منتقل ہو گئے تھے۔ ان کا کچھ بچپن بھارت میں بھی گزرا اور وہاں انہوں نے سکول کی تعلیم بھی حاصل کی۔ علی خان نے بتایا کہ ان کے تینوں ممالک یعنی برطانیہ، پاکستان اور بھارت میں گھر بھی ہیں اور دوست بھی موجود ہیں، اداکار نے بتایا کہ پاکستان میں لوگ وقت کی پابندی نہیں کرتے، اسی وجہ سے وہ جب بھی کسی شادی میں جاتے ہیں تو گھر سے کھانا کھا کر جاتے ہیں، تاکہ کھانا دیر سے ملنے کی وجہ سے وہ بھوکے نہ رہ جائیں۔ علی خان نے شوبز انڈسٹری میں کام کا آغاز کم عمری میں بھارتی ڈراموں سے 1993 میں کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں بھی کام کیا، وہ بیک وقت برطانیہ، بھارت اور پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button