اداکارہ حرا مانی بارش میں رقص پر تنقید کی زد میں


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی کو بارش کے دوران فلمی سٹائل اپنانا مہنگا پڑ گیا، اداکارہ نے نیلی ساڑھی میں بارش کے دوران رقص کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو مداحوں نے ان پر تنقید کی بارش شروع کر دی۔

اداکارہ نے بارش کے خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی نئی تصاویر انسٹا گرام پر پوسٹ کی تھیں، تصاویر میں اداکارہ نے نیلی ساڑھی زیب تن کی ہوئی تھی اور بظاہر رقص کرتے ہوئے بارش سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں، ان تصاویر میں ہیرا مانی کا بارش میں بھیگتا ہوا جسم بھی نظر آتا ہے۔ تصاویر کے کیپشن میں حرا مانی نے لکھا ’’بارش اور میری نیلی ساڑھی‘‘۔

اداکارہ نے ساڑھی کے فیشن برینڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘معذرت، یہ ساڑھی میں نے بارش میں پہن لی کیونکہ بارش میں اپنے اندر کی ہیروئین کو میں مار نہ سکی، حرا مانی کی ان تصاویر کو فیشن ہاؤس کے انسٹا گرام پر بھی شیئر کیا گیا۔ ویسے تو بارش میں ساڑھی پہن کر بھیگتے ہوئے حرا مانی کی تصاویر ان کے مداحوں نے خوب پسند کیں لیکن بہت سے لوگ خود کو حرا مانی کا بھائی سمجھتے ہوئے ان پر تنقید شروع کردی۔ بعض نے حرا مانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی ’’سستی‘‘ حرکتیں کرتی ہیں جو کسی بالغ عورت کو زیب نہیں دیتی۔

حرا کے ناقد صارفین کا کہنا تھا کہ وہ ایک پختہ عمر عورت ہیں جو 2 بڑے بچوں کی ماں بھی ہیں، اس لیے انہیں اس طرح کا لباس نہیں پہننا چاہئے، ماضی میں بھی حرا مانی کو ان کے انداز، لباس اور پرفارمنس کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، اس سے قبل ان کو ساڑھی کے ساتھ ٹی شرٹ پہن کر پروگرام میں شرکت کرنے پر بھی شدید تنقید کا سامنا رہا، اداکارہ کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کو ان کے لباس اور فیشن پر اکثر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر موجود حرا مانی کے مداحین نے تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب حرا کے شوہر مانی کو اپنی بیوی کے بارش میں بھیگنے پر اعتراض نہیں تو انہیں کیا تکلیف ہے۔

Related Articles

Back to top button